پیوش گوئل کی جرمنی اقتصادی امور کی وزیر کیتھرینا سے ملاقات

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی؍ برلن، 23 اکتوبر (یو این آئی) مرکزی تجارت اور صنعت کے وزیر پیوش گوئل نے جمعرات کے روز برلن میں جرمنی کی اقتصادی اور توانائی کی وزیر کیتھرینا ریچ کے ساتھ دو طرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے ہندوستان۔یورپی یونین (ای یو) آزاد تجارتی معاہدے کے مذاکرات میں پیشرفت کا بھی جائزہ لیا۔ جرمنی یورپی یونین کا اہم رکن ہے۔ گوئل نے کچھ سرکردہ جرمن کمپنیوں کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر محترمہ کیتھرینا کے ساتھ اپنی ملاقات کے بارے میں گوئل نے لکھا کہ ہماری بات چیت تجارت اور سرمایہ کاری، سبز توانائی، نئی اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور دفاعی شعبے میں مشترکہ صنعتی اور تکنیکی شراکت کے شعبوں میں ہندوستان۔جرمنی کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر مرکوز تھی۔ بات چیت میں ہندوستان-یورپی یونین فری ٹریڈ ایگریمنٹ (ایف ٹی اے ) کو حتمی شکل دینے کے لیے جرمنی کے عزم پر بھی بات ہوئی۔ گوئل نے کہا کہ جرمن وزیر کے ساتھ اپنی بات چیت میں، انہوں نے خاص طور پر اس بات پر روشنی ڈالی کہ کس طرح ہندوستان میں بڑی تعداد میں باصلاحیت انسانی وسائل کی دستیابی اور کاروبار کرنے میں آسانی کو بڑھانے کے لئے ملک کی کوششیں جرمن کمپنیوں کو ہندوستان میں اپنی سرمایہ کاری کو متنوع بنانے اور اپنی سپلائی چین کو مضبوط کرنے کے پرکشش مواقع فراہم کرتی ہیں۔