پیٹروا کویٹوا کی جدوجہد کے بعد کامیابی ‘ کوارٹر فائنلس میں داخل

   

ملبورن 26 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) دو مرتبہ کی ومبلڈن چمپئن پیٹرا کویٹوا نے پری کوارٹر فائنل میں ماریا سکاری کو سخت جدوجہد کے بعد شکست دیتے ہوئے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے جہاں ان کا مقابلہ ٹاپ سیڈ ایشلے بارٹی کے ساتھ ہوسکتا ہے ۔ پیٹرا کویٹوا کو پہلے سیٹ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم ماریا سکاری کے خلاف بعد کے دو سیٹس میں انہوں نے شاندار واپسی کی اور یہ مقابلہ 6-7, 6-3, 6-2 سے جیت کر کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ۔ کویٹوا 2019 کے فائنل میں بھی پہونچ گئی تھیں۔ ان کا مقابلہ کوارٹر فائنل میں ایشلے بارٹی یا پھر امریکہ کی 18 ویں نمبر سیڈ الیسن رسکے کے ساتھ ہوسکتا ہے ۔ کویٹوا نے اپنی کامیابی کے بعد کہا کہ ماریا سے مقابلہ انتہائی سخت رہا ہے ۔ وہ گذشتہ میچ میں ان سے شکست کھا گئی تھیں۔ کویٹوا نے 2011 اور 2014 میں ومبلڈن کا سنگلز خطاب جیتا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اس میچ میں کامیابی کیلئے سخت جدوجہد کرنی پڑی ہے ۔ 22 ویں نمبر سیڈ سکاری نے پہلے سیٹ میں بہترین مظاہرہ کیا تھا اور انہوں نے تیز رفتارشروعات کی تھی ۔ پہلے ہی گیم میں انہوں نے کویٹوا کی سرویس بریک کی تھی اور ابتدائی دو منٹ ہی میں پوائنٹ بنالیا تھا ۔ یونان کے پرستاروں کی انہیں زبردست تائید حاصل ہو رہی تھی تاہم دوسرے سیٹ سے ان کے کھیل پر کویٹوا نے اپنا غلبہ حاصل کرلیا اور انہوں نے آئندہ دو سیٹ جیت کر کوارٹر فائنلس میں رسائی کی ان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ۔ کویٹوا کو 2016 میں اپنے ملک میں چاقو سے حملے کا سامنا کرنا پڑا تھا جس میں ان کا تھ زخمی ہوگیا تھا تاہم انہوں نے اس بار کوارٹر فائنلس تک رسائی میں شاندار کارکردگی دکھائی ہے اور آج ماریا سکاری کے خلاف ابتدائی سیٹ ہارنے تک ایک بھی سیٹ میں شکست نہیں کھائی تھی ۔ پہلے سیٹ میں شکست کے بعد تاہم کویٹوا نے اپنے کھیل میں بہتری پیدا کی ۔ اپنے حواس پر قابو رکھتے ہوئے انہوں نے زبردست مزاحمت کرتے ہوئے سیٹ میں اور میچ میں واپسی کرتے ہوئے کامیابی درج کرلی ۔