سری نگر :جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سیکریٹری ڈاکٹر مصطفی کمال نے رسوئی گیس، پیٹرولیم مصنوعیات اور دیگر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں یکایک اضافے پر زبردست تشویش کا اظہارکیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات اب عیاں ہوگئی ہے بھاجپا نے 5ریاستوں میں الیکشن ایام کے دوران پیٹرول ، ڈیزل اور رسوئی گیس کی قیمتوں کو اعتدال پر رکھا تھا اور الیکشن نتائج آنے کے ساتھ ہی اب ان ضروریاتِ زندگی میں مسلسل اضافہ کیا جارہاہے ۔ ان باتوں کا اظہار انہوں نے آج پارٹی ہیڈکوارٹر پر ایک اجلاس کے دوران کیا۔ ڈاکٹر کمال نے اس موقعے پر کہاکہ پیٹرول ،ڈیزل اور رسوئی گیس کی مسلسل بڑھتی قیمتوں سے متعلق مرکزی حکومت کا ہمیشہ یہی موقف تھا کہ حکومت کا قیمتیں بڑھانے میں کوئی رول نہیں اور یہ سب کچھ تیل کمپنیوں کے ہاتھ میں ہے ، لیکن 5ریاست میں اسمبلی الیکشن عمل کے ساڑھے 4 ماہ کے دوران جس طرح سے پیٹرول، ڈیزل اور رسوئی گیس کی قیمتوں میں کسی بھی قسم کا اضافہ نہیں کیا گیا اُس سے صاف ہوگیا ہے کہ قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے میں حکومت کا کتنا رول ہے ۔کمال نے کہا کہ پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کا براہ راست اثر عام آدمی پر پڑ رہا ہے اور لوگوں کیلئے دو وقت کی روٹی کا بندوبست کر پانا بھی مشکل سے مشکل ہوتا جارہا ہے ۔