پیپری سائیکلنگ یونٹ میں مہیب آتشزدگی

   

حیدرآباد ۔ 5 نومبر (سیاست نیوز) شہر کے علاقہ عنبر پیٹ میں کل رات دیر گئے پیپر ری سائیکلنگ یونٹ میں مہیب آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق گول ناکہ عنبرپیٹ میں واقع سرون انٹر پرائزرس جو ردی کے کاغذ کو ری سائیکل کرنے کی فیکٹری ہے میں دیپاولی کی رات اچانک آگ لگ گئی۔ کارخانہ میں بھاری مقدار میں ردی کاغذات جمع ہونے کے نتیجہ میں آگ نے کچھ ہی دیر میں پورے کارخانہ کو لپیٹ میں لے لیا جس کے نتیجہ میں وہاں کے رہائشی علاقہ میں خوف و حراس کا ماحول پیدا ہوگیا۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر عنبرپیٹ پولیس کی ٹیم جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور آگ پر قابو پانے کے لئے دو فائر انجنس کو طلب کرلیا گیا اور تقریباً 4 گھنٹوں کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔ اس سلسلہ میں تفصیلات بتاتے ہوئے انسپکٹر پولیس اسٹیشن پی سدھاکر نے کہا کہ پیپر ری سائیکلنگ کارخانہ کا مالک کرشنیا ہے اور وہ دیپاولی کے موقع پر پوجا کرکے کارخانہ کو بند کردیا تھا۔ شبہ کیا جاتا ہے کہ آتش بازی کے دوران پٹاخہ کارخانہ میں گرنے کے نتیجہ میں یہ واقعہ پیش آیا ہوگا۔ واضح رہے کہ 3 سال قبل اسی کارخانہ میں اس طرح کا حادثہ پیش آیا تھا جس کے نتیجہ میں وہاں کی عوام پریشان ہوگئی تھی۔ مقامی عوام کا یہ تاثر ہے کہ اس ری سائیکلنگ یونٹ کو رہائشی علاقہ سے صنعتی علاقہ کو منتقل کیا جائے چونکہ مہیب آتشزدگی کے واقعات سے ان کے جان و مال کو خطرہ ہے۔ ب