جاریہ سال کے اواخر تک کام کا آغاز ۔ 2500 ملازمین کی خدمات کے حصول کا منصوبہ
بنگلورو 14 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) مشروبات کی بڑی کمپنی پیپسی کو حیدرآباد میں اپنا سب سے بڑا تجارتی خدمات کا ہب قائم کرنے جا رہی ہے ۔ کمپنی نے آئی ٹی اسپیشل اکنامک زون لکشمی انفو بن میں 3.8 لاکھ مربع فیٹ جگہ حاصل کرلی ہے اور کمپنی آئندہ تین سال کے دوران 2,500 افراد کی خدمات حاصل کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ یہ یونٹ امریکہ کے باہر پیپسی کو کی سب سے بڑی یونٹ ہوگی اور یہاں سے کاروبار کے کئی پہلووں کا احاطہ کیا جائیگا جن میں کنزیومر انسائیٹ ‘ مارکٹنگ ‘ ایچ آر ‘ فینانس ‘ سپلائی چین اور دیگر خدمات کے علاوہ ڈیجیٹل سولیشنس شامل ہیں۔ کمپنی کا منصوبہ ہے کہ اس مرکز کو جاریہ سال کے اواخر ہی میں رسمی طور پر شروع کردیا جائے ۔ سمجھا جاتا ہے کہ کمپنی نے ابھی تک 200 افراد کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔ سابق جن پیکٹ ایگزیکیٹیو پریہ رنجن جھا کو یہاں کا سائیٹ لیڈر مقرر کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے 14 سال کا عرصہ جین پیکٹ میں مختلف حیثیتوں میں صرف کیا ہے ۔ وہ آخر میں کمپنی کے سینئر نائب صدر رہ چکے ہیں۔ پیپسی کو کے ترجمان نے حیدرآباد میں اس بڑے مرکز کے قیام کی توثیق کی ہے اور کہا کہ ہندوستان میں کمپنی کی ایک طویل تاریخ ہے جہاں ہم تقریبا 30 سال سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ہم یہاں اپنی سرگرمیوں میں وسعت پیدا کرتے ہوئے خوش ہیں اور حیدرآباد میں ایک بڑا مرکز قائم کر رہے ہیں۔ باضابطہ طور پر اس یونٹ کا جاریہ سال کے اواخر میں آغاز ہوگا اور ہندوستان کی اعلی معیاری صلاحیتوں کی خدمات ہم حاصل کرتے رہیں گے ۔ کمپنی نے نومبر 2017 میں نئے روزگار فراہم کرنے کا عہد کیا تھا اور اس نے ہندوستان میں 2022 تک 2.1 بلین ڈالرس کی سرمایہ کاری کا وعدہ بھی کیا تھا اور یہ یونٹ اسی سمت پیشرفت ہے ۔ذرائع نے کہا کہ کمپنی دنیا بھر میں مختلف مقامات پرا پنے مراکز میں اضافہ کرنا چاہتی ہے اور اسی مقصد کیلئے حیدرآباد کا انتخاب کیا گیا ہے ۔