حیدرآباد ۔13۔اکتوبر (سیاست نیوز) اسمبلی انتخابات کے سلسلہ میں ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر حیدرآباد رونالڈ راس نے سیاسی اشتہارات پر رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر سیاسی اشتہارات ، پیڈ نیوز اور دیگر انتخابی مہمات پر نظر رکھنے کیلئے نگرانکار کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ یہ کمیٹی سیاسی پارٹیوں اور امیدواروںکی مہم پر نظر رکھے گی ۔ رونالڈ راس کی قیادت میں تشکیل دی گئی اس کمیٹی میں الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے مطابق مہم کو یقینی بنایا جائے گا۔ تمام پارٹیوں اور امیدواروں کو اشتہارات اور دیگر مہم کے اخراجات کی تفصیلات پیش کرنی ہوگی۔ انتخابی اخراجات الیکشن کمیشن کی جانب سے مقررہ حد کے مطابق ہونے چاہئے ۔ پرچہ نامزدگی کے ادخال سے لے کر مہم کی آخری تاریخ تک کے اخراجات کی تفصیلات پیش کی جائیں۔ سیاسی پارٹیوں کو اشتہارات کے سلسلہ میں کمیٹی سے اجازت حاصل کرنی ہوگی۔ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے اشتہارات کے لئے اجازت لازمی رہے گی۔ رونالڈ راس نے کہا کہ پیڈ نیوز پر نظر رکھنے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے ۔ خلاف ورزی کی صورت میں رٹرننگ آفیسر کے ذریعہ نوٹس جاری کی جائے گی۔