ششی کمار بھی مدعی ۔آئندہ ہفتے سماعت
نئی دہلی : پیگاسیس جاسوسی معاملے کی کسی برسر خدمت یا ریٹائرڈ جج کے ذریعہ آزادانہ تحقیقات کی استدعا کے ساتھ سینئر صحافیوں این رام اور ششی کمار کی داخل کردہ عرضی پر سپریم کورٹ آئندہ ہفتے سماعت کرے گا۔ چیف جسٹس این وی رمنا کی سربراہی والی بنچ نے آج سینئر ایڈوکیٹ کپل سبل کے بیان کا نوٹ لیا کہ یہ پٹیشن جو فاضل عدالت کی رجسٹری میں داخل کئے جانے کے بعد حسب ترتیب سماعت کے لئے رکھی جاچکی ہے، اس کے وسیع تر اثرات کے تناظر میں یہ ہنگامی سماعت کی متقاضی ہے۔ یہ مسئلہ شہریوں کی آزادی کو متاثر کررہا ہے۔ این رام اور ششی کمار کی پیروی کرنے والے کپل سبل نے یہ بھی کہاکہ اپوزیشن قائدین، صحافی برادری اور حتیٰ کہ عدالتی عملہ بھی زیرنگرانی کیا جاچکا ہے۔ یہ معاملہ ہندوستان اور دنیا بھر میںہلچل مچارہا ہے۔ اِس لئے اِس عرضی پر فوری سماعت کرنے کی ضرورت ہے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ ہم اِس معاملے کو آئندہ ہفتے پر ڈالیں گے۔ بنچ نے کپل سبل کے بیان سے اتفاق کیاکہ اِس عرضی کو سماعت کے لئے منگل اور چہارشنبہ کے سوا کسی اور دن رکھا جائے کیونکہ وہ اِن دنوں دیگر معاملے میں مصروف ہونگے۔