پی آئی اے کی خلیجی ممالک کیلئے پروازیں بحال

   

اسلام آباد ۔ 24 جون (ایجنسیز) ایران اسرائیل جنگ بندی کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) نے خلیجی ممالک کیلئے اپنی پروازیں بحال کردی ہیں۔امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے معاہدہ کے منگل کو اعلان کے بعد پی آئی اے نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت خلیجی ممالک کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کر دی ہیں۔ایرانی جوہری تنصیبات پر امریکی حملے کے بعد تہران کی جانب سے قطر میں امریکی اڈے پر جوابی حملے کے بعد پی آئی اے کے فلائٹ آپریشنز معطل ہونے کے بعد کراچی، لاہور، اسلام آباد اور دیگر شہروں سے جانے والی 50 سے زائد پروازوں کو تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔ایک روز قبل قومی ایئرلائن نے خلیج فارس کی صورتحال کے پیش نظر قطر، بحرین، کویت اور دبئی کیلئے پروازیں منسوخ کر دی تھیں۔ اس نے اعلان کیا تھا کہ یہ فیصلہ احتیاطی تدابیر کا حصہ ہے۔پیر کو جاری بیان میں پی آئی اے نے کہا تھا کہ فلائٹ شیڈول منسوخ کرنے کا فیصلہ خلیجی ممالک میں جنگ جیسی صورتحال کے باعث کیا گیا ہے۔ صورتحال معمول پر آنے کے بعد پی آئی اے کی پروازیں دوبارہ شروع کر دی جائیں گی۔پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق یہ فیصلہ کئی خلیجی ریاستوں میں ’’جنگ جیسی صورتحال‘‘ کی روشنی میں کیا گیا تھا۔ پی آئی اے نے یقین دلایا کہ حالات معمول پر آنے کے بعد آپریشن دوبارہ شروع کر دیا جائے گا۔پی آئی اے کے ترجمان نے پیر کو کہا تھا کہ علاقائی تنازعہ کے پیش نظر، ہم نے اپنے مسافروں کی حفاظت کے لیے متاثرہ مقامات کیلئے پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔
’’ہم زحمت کے لیے معذرت خواہ ہیں، لیکن ہمارے مسافروں کی حفاظت کو دیگر تمام معاملات پر ترجیح دی جاتی ہے۔‘‘