اعلیٰ سطحی کمیٹی ملازمین کی یونینوں سے بات چیت کرے گی
حیدرآباد: پے ریویژن کمیشن کے صدرنشین ریٹائرڈ آئی اے ایس عہدیدار سی آر بسوال نے چیف سکریٹری سومیش کمار کو پے ریویژن کمیشن کی پہلی رپورٹ پیش کردی ہے۔ کمیٹی کے ارکان محمد علی رفعت ریٹائرڈ آئی اے ایس ، سی اوما مہیشور راؤ ریٹائرڈ آئی اے ایس کے علاوہ پرنسپل سکریٹری فینانس کے رام کرشنا راو کے علاوہ مختلف ایمپلائیز اسوسی ایشنوں نمائندے اس موقع پر موجود تھے۔ تلنگانہ گزیٹیڈ آفیسرس اسوسی ایشن کی صدر شریمتی ممتا اور جنرل سکریٹری ست نارائنا، تلنگانہ سکریٹریٹ اسوسی ایشن کے صدر نریندر راؤ اور جنرل سکریٹری یوسف میاں ، صدر تلنگانہ نان گزیٹیڈ آفیسرس اسوسی ایشن ایم راجندر اور جنرل سکریٹری ایم پرتاپ اس موقع پر موجود تھے۔ چیف سکریٹری نے بتایا کہ اعلیٰ اختیاری کمیٹی پی آر سی رپورٹ کا جائزہ لے گی۔ چیف سکریٹری سومیش کمار کی قیادت میں اعلیٰ اختیاری کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کے ارکان کے رام کرشنا راو آئی اے ایس پرنسپل سکریٹری فینانس اور رجت کمار آئی اے ایس پرنسپل سکریٹری آبپاشی شامل ہیں۔ یہ کمیٹی جنوری کے دوسرے ہفتہ سے ملازمین کی مختلف تنظیموں سے ملاقات کرے گی اور ان کے مسائل کا جائزہ لیا جائے گا ۔ چیف منسٹر نے پی آر سی رپورٹ پر سفارشات جلد پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔