پی آر سی سفارشات کے اعلان کو الیکشن کمیشن کی اجازت

   

اسمبلی میں چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے اعلان متوقع ۔ سرکاری ملازمین کیلئے بڑی راحت
حیدرآباد۔ ریاستی ملازمین کیلئے ایک خوشخبری ہے کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے ریاستی حکومت کو ملازمین کیلئے فٹمنٹ اور پی آر سی کے تحت دوسرے فوائد کا اعلان کرنے کی اجازت دیدی ہے ۔ ریاستی حکومت امکان ہے کہ اس سلسلہ میں اسمبلی میں دو ایک دن میں اعلان کریگی جیسا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے وعدہ کیا تھا ۔ چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ کے ذریعہ محکمہ فینانس نے حال ہی میں الیکشن کمیشن آف انڈیا کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے اجازت طلب کی تھی کہ ملازمین کیلئے پی آر سی فوائد کا اعلان کیا جائیگا تاہم چونکہ ریاست میں ناگرجنا ساگر اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب کیلئے ضابطہ اخلاق نافذ ہے اس لئے ایسا نہیں کیا جاسکا تھا ۔ تاہم اب الیکشن کمیشن نے اس اعلان کی اجازت دیدی ہے ۔ ناگرجناساگر حلقہ کا ضمنی انتخاب 17 اپریل کو ہونے والا ہے ۔ ریاستی محکمہ فینانس کی درخواست پر الیکشن کمیشن نے مثبت رد عمل ظاہر کیا ہے اور کمیشن کے سکریٹری اویناش کمار نے واضح کیا کہ الیکشن کمیشن کو پی آر سی رپورٹ کو قبول کرلئے جانے کے اعلان پر کوئی اعتراض نہیں ہے تاہم الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ اس اعلان کو ضرورت سے زیادہ تشہیر دے کر سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش نہیں کی جانی چاہئے ۔ اس بات کا خاص طور پر اس ضلع میں خیال رکھا جانا چاہئے جہاں انتخابات ہونے والے ہیں۔ الیکشن کمیشن کی منظوری کے بعد اب امید ہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو پے رویژن کمیشن کی سفارشات قبول کرنے کا آئندہ دو دن میں اسمبلی میں اعلان کرسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر نے یہ تیقن دیا تھا کہ پی آر سی سفارشات میں ملازمین کی توقعات کو پورا کرنے کی کوشش کی جائے گی اور یہ بھی کہا تھا کہ حکومت ایسا کوئی فیصلہ کریگی جس کے تحت تلنگانہ ملازمین اس بات پر فخر کرسکیں گے کہ انہیں ملک میں سب سے زیادہ تنخواہیں ملتی ہیں۔ تازہ ترین پی آر سی سفارشات میں کورونا بحران کی وجہ سے تاخیر ہوئی ہے ۔ کورونا کی وجہ سے ریاست کو 52,000 کروڑ کے نقصانات کا اندیشہ ہے ۔