کراچی ۔ 25 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی قومی فضائی کمپنی پی آئی اے نے مختلف وجوہات کی بنا پر اب تک 450 ملازمین کو برطرف کیا ہے جن میں جعلی ڈگریوں والے اہلکاروں سے لے کر سرقہ کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے جانے والے ملازمین بھی شامل ہیں۔پی آئی اے کی جانب سے فراہم کی جانے تفصیلات کے مطابق پی آئی اے نے چالیس بیگج ہینڈلرز کو مشتبہ سرگرمیوں، بغیر اجازت غیر حاضری، سرقہ کرنے اور منشیات کے الزامات کے تحت ملازمت سے برخاست کیا ہے۔یاد رہے کہ کئی بار مسافروں کی جانب سے سامان غائب ہونے یا سامان میں سے قیمتی اشیا غائب ہونے کی شکایات کی جاتی رہی ہیں۔ان جرائم میں ملوث زیادہ تر اہلکار روزانہ کی اجرت پر کام کرنے والے ہیں جن کی پی آئی اے میں کل تعداد تقریباً پانچ ہزار ہے۔سرقہ یا مشتبہ کارروائیوں میں ملوث برطرف کئے جانے والے اہلکاروں کی اکثریت کراچی میں کام کر رہی تھی جس کے بعد لاہور اور پھر اسلام آباد میں کام کرنے والے ملازمین شامل ہیں۔