پی ایس ایل: زائد از 200 کھلاڑی اور عملہ ابوظہبی پہنچ گئے

   

ابوظہبی : پاکستان سوپر لیگ(پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن میں شرکت کے لیے 200 سے زائد کھلاڑی، عملہ اور پی سی بی حکام متحدہ عرب امارات پہنچ گئے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق متحدہ عرب امارات نے جنوبی افریقی کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے براڈ کاسٹرز کے عملے کو بھی ویزے جاری کر دیے ہیں۔ یہ تمام کھلاڑی اور عملہ 24 سے 48 گھنٹے میں ممکنہ طور پر متحدہ عرب امارات پہنچ جائے گا۔ ویزے کے التوا کے سبب ابوظبی کی چارٹرڈ فلائٹ میں سوار نہ جانے والے کھلاڑی، سپورٹ اسٹاف اور عملہ آئندہ 48 گھنٹوں میں ایک اور چارٹرڈ فلائٹ سے ابوظبی پہنچ جائیں گے۔ ابھی تک لاہور اور کراچی سے چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے 200 سے زائد کھلاڑی، عملہ، سپورٹ اسٹاف اور آفیشلز متحدہ عرب امارات پہنچ چکے ہیں۔ ادھر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ دوبارہ سے بائیو سیکیور ببل کا حصہ بن گئے ہیں جہاں اس سے قبل بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزی پر لیگ سے باہر کردیا گیا تھا۔ البتہ لیگ میں واپسی پر نسیم شاہ کو بائیو سیکیور ببل پروٹوکول کو پورا کرنا ہو گا جس میں ببل کا حصہ بننے سے قبل 48 گھنٹوں میں منفی ٹسٹ آنا لازمی ہے۔ ابوظبی کی چارٹرڈ فلائٹ پر روانگی سے قبل نسیم شاہ کو آئسولیشن میں رہنے کے ساتھ ساتھ دو منفی ٹسٹ کے نتائج کا ثبوت بھی دینا ہو گا۔ خیال رہے کہ پاکستان سوپر لیگ سیزن 6 کا آغاز 20 فروری کو کراچی سے ہوا تھا اور ایونٹ کے میچز اس مرتبہ ملک کے دو شہروں کراچی اور لاہور میں کھیلے جانے تھے تاہم 4 مارچ کو پاکستان سوپر لیگ کو 7 کھلاڑیوں اور دیگر میں کورونا کیسیس سامنے آنے کے بعد ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ تاہم اپریل میں پی سی بی نے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے یکم جون سے ایونٹ کے دوبارہ کراچی میں انعقاد کا فیصلہ کیا تھا اور کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر لاہور میں میچز کے انعقاد کے منصوبے کو منسوخ کردیا گیا تھا۔