کراچی ۔ 13 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ نے کورونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر پی ایس ایل کے شیڈول میں تبدیلی کردی ہے اور اب ٹورنمنٹ کا فائنل 22 مارچ کے بجائے 18 مارچ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا اور بیرونی کھلاڑیوں کو وطن واپس جانے کی بھی اجازت دے دی گئی ہے۔ پی سی بی نے ایونٹ کے پلے آف میچز کو سیمی فائنل اور فائنل میں تبدیل کردیا ہے۔فیصلے کے مطابق پی ایس ایل 2020 کو چار دنوں تک محدود کردیا گیا ہے اور نئے شیڈول کے مطابق اب 34 کی بجائے 33 میچز کھیلے جائیں گے۔ نئے شیڈول کے مطابق دونوں سیمی فائنلز 17 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ پوائنٹس ٹیبل پر پہلے مقام پر موجود ٹیم اب ایونٹ کی چوتھی بہترین ٹیم سے دوپہر 2 بجے پہلے سیمی فائنل میں مدمقابل آئے گی۔ دوسرے اور تیسرے مقام پر موجود ٹیموں کے درمیان مقابلہ شام سات بجے شروع ہوگا۔ایونٹ کا فائنل 18 مارچ قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔