پی ایس ایل فائنل کی آن لائن ٹکٹس چند منٹ میں فروخت

   

کراچی ۔20 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن کے فائنل کی ٹکٹس کی آن لائن فروخت شروع ہو ئی ہے جس میں سے 500 اور ڈھائی ہزار روپے مالیت کے تمام ٹکٹس محض چند منٹوں میں فروخت ہو گئے۔17 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والے فائنل کے ساتھ ساتھ پاکستان میں ہونے والے کوالیفائر اور ایلیمنیٹر میچوں کے ٹکٹوں گزشتہ رات آن لائن فروخت کے لیے پیش کیے گئے۔ پی ایس ایل فائنل کے جنرل اور فرسٹ کلاس انکلوژر کے تمام آن لائن ٹکٹ 10 سے 15 منٹ میں فروخت ہوگئے جہاں جنرل انکلوژرز کے ٹکٹس 500 جبکہ فرسٹ کلاس انکلوژرز کے ٹکٹس 2000 روپے میں دستیاب تھے۔پی ایس ایل فائنل کے لیے ٹکٹ کی قیمت 500 سے 8000 تک مقرر کی گئی ہے اور فائنل کے صرف 20 فیصد ٹکٹ آن لائن فروخت کے لیے پیش کیے گئے۔ پاکستان میں ہونے والے کوالیفائر اور ایلیمنٹر میچز کے ٹکٹوں کی قیمت 500 روپے سے 3 ہزار روپے تک مقرر کی گئی ہے۔ پہلا ایلیمنیٹر میچ 12مارچ کو لاہور میں کھیلا جائے گا جبکہ کوالیفائر میچ 13مارچ کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔ایونٹ کا دوسرا ایلیمنیٹر میچ 15 مارچ کو کراچی میں کھیلا جائے گا جس کے بعد ایونٹ کی 2 بہترین ٹیمیں 17 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ٹرافی کے حصول کے لیے صف آرا ہوں گی۔