پی ایس ایل کا آج پاکستان میں آغاز

   

کراچی ۔19 فروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ کی تاریخ کے بڑے میلے کے لئے نیشنل اسٹیڈیم میں تیاریاں مکمل ہوگئی ہے۔ نیشنل اسٹیڈیم کی آئوٹ فیلڈ ہری بھری ہے اورگرائونڈ خوبصورت منظر پیش کررہا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ 22 مارچ کی شب قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پاکستان سوپر لیگ کی فائنل کی فاتح ٹیم کو چمچماتی ٹرافی کے علاوہ پانچ لاکھ ڈالرزکی خطیر انعامی رقم ملے گی۔ ایونٹ کی رنرزاپ ٹیم 2 لاکھ امریکی ڈالرزکی انعامی رقم وصول کرے گی۔ چار سال میں چار الگ الگ ٹرافیاں دینے کے بعد پی سی بی نے اب فاتح ٹیم کو رننگ ٹرافی بھی دینے کا اعلان کیا ہے۔ پی سی بی ترجمان کے مطابق پی ایس ایل میں گذشتہ سال والی انعامی رقم میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ہے۔ پاکستان نے1987 اور1996کے ورلڈ کپ کی میزبانی کی تھی۔ جبکہ2008 میں ایشیا کپ کرکٹ ٹورنمنٹ پاکستان میں ہوا تھا جس کے بعد اب پاکستان سوپر لیگ پاکستان کی تاریخ کا چوتھا بڑا ٹورنمنٹ ہے جس میں دنیا کے صف اول کے کھلاڑی ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ پاکستان میں سب سے بڑے کرکٹ میلے، پی ایس ایل 2020 میں مجموعی طور پر10 لاکھ امریکی ڈالرزکی مالیت کی انعامی رقم تقسیم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ ایونٹ کے دوران ہر میچ کے بہترین کھلاڑی کو ایوارڈ دیا جائے گا۔ ایونٹ میں جملہ 34 میچزکھیلے جائیں گے۔ ہر میچ کا بہترین کھلاڑی 4500 امریکی ڈالرز پر مشتمل انعامی رقم وصول کرے گا۔ 80 ہزار امریکی ڈالر زمالیت کی انعامی رقم ایونٹ کے بہترین کھلاڑی، بہترین بیٹسمین، بہترین بولراوراسپرٹ آف کرکٹ کے ایوارڈز جیتنے والوں میں برابری کی بنیاد پر تقسیم ہوگی۔ باقی انعامی رقم ٹورنمنٹ کے دوران بہترین کیچ، بہترین رن آوٹ اور سب سے زیادہ چھکے لگانے والے کھلاڑیوں کے لیے مقررہ انعامات کی مد میں تقسیم کی جائے گی۔ 34 میچز پر مشتمل 32 روزہ ایونٹ کا افتتاحی میچ 20 فروری کو دفاعی چمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور2 مرتبہ کی چمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین ہوگا۔