پی ایس ایل کا پانچواں ایڈیشن پاکستان میں ہوگا

   

کراچی ۔6 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کے پاکستان میں انعقاد کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور فرنچائز مالکان کے درمیان مل کرکام کرنے پر اتفاق ہوگیا۔پاکستان سوپر لیگ کے گزشتہ تین ایڈیشن کے چند مقابلوں کے بتدریج ملک میں کامیابی سے انعقاد کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا تھا کہ لیگ کا پانچواں ایڈیشن مکمل طور پر پاکستان میں منعقد کیا جائے گا۔ پی ایس ایل 2017 کے فائنل کے لاہور میں کامیاب انعقاد کے بعد اس سے اگلے ایڈیشن کے کوالیفائرزکا لاہور اور فائنل کا کراچی میں پرامن اور شاندار طریقے سے انعقاد کیا گیا تھا۔ اس کے بعد 2019 کے ایڈیشن کے مجموعی 8 میچز لاہور اور کراچی میں منعقد کروانے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن سرحد پر کشیدہ صورتحال کے پیش نظر تمام 8 میچز کراچی میں منعقد کیے گئے جس پر بیرونی شائقین نے مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ لیگ کے تمام میچز کے پاکستان میں انعقاد کے حوالے سے حتمی فیصلہ کرنے کے لیے آج فرنچائز کے مالکان نے چیئرمین پی سی بی سے ملاقات کی۔ پی ایس ایل کے فرنچائز مالکان سے ملاقات کے بعد چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے فرنچائز مالکان کو ظہرانہ دیا۔