کراچی ۔16 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) 2020 کے آخری گروپ میچ میں دفاعی چمپیئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکی مطلوبہ رن ریٹ پر فتح حاصل کرنے میں ناکامی کے بعد سیمی فائنل کے لیے چار ٹیموں کا حتمی فیصلہ ہوگیا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میںکراچی کنگز کو باآسانی5 وکٹوں سے شکست ضروردی لیکن وہ مطلوبہ رن ریٹ حاصل کرنے میں ناکام ہوئی اور ٹورنمنٹ سے باہر ہوگئی جبکہ کراچی کنگز پہلے ہی سیمی فائنل میں جگہ بنا چکی ہے۔ ملتان سلطانز پہلی ٹیم تھی جس نے کورونا وائرس کے خدشات کے باعث فارمیٹ کو تبدیل کرنے سے پہلے ہی اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا تھا اورسیمی فائنل میں جگہ بنالی تھی۔کراچی کنگز نے گزشتہ میچ میں لاہور قلندرز کو اپنے ہوم گراونڈ میں شکست دے کر 11 قیمتی نشانات حاصل کرکے سیمی فائنل میں پہنچنے والی دوسری ٹیم کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ لاہور قلندرز سیمی فائنل میں پہنچنے والی تیسری ٹیم ہے جو پی ایس ایل کی 5 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ اس مرحلے میں پہنچنے میں کامیاب ہوئی ہے جس کے لیے انہوں نے سرفہرست ملتان سلطانزکو 9 وکٹوں سے شکست دی۔ ٹیموں کے جدول میں ملتان سلطان10میچوں میں6 فتوحات اورصرف 2 ناکامیوں کے ساتھ 14نشانات کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہے۔کراچی کنگز دوسرے نمبر پر ہے جس نے 10 میچوں میں سے 5 میں فتح اور4 میں شکست کا سامناکیا اور11 پوائنٹس حاصل کیے، لاہور قلندرز نے ابتدائی میچوں میں مسلسل شکستیں کھائیں تاہم اگلے میچوں میں بیٹسمینوںکی شان دار کارکردگی کی بدولت ٹورنمنٹ میں واپسی کی۔ قلندرز نے10 میچوں میں 5 میں شکست اور5 کامیابی کا متوازن تناسب رکھا اور10 نشانات حاصل کیے جبکہ پشاور زلمی نے 10 میچوں میں سے 5 میں شکست کھائی اور 4 میں فتح حاصل ہوئی۔ ٹورنمنٹ میں دفاعی چمپیئن کی حیثیت سے پہلا میچ کھیلنے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکی ٹیم پانچویں نمبر پر رہی جس کے لیے انہیں 10 میں سے 5 میچوں میں شکست اور 4 میں فتح حاصل ہوئی لیکن بدترین رن ریٹ کے باعث پشاور زلمی سے پیچھے رہ گئی۔ سابق چمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم اس مرتبہ سب سے آخری نمبر پر رہنے والی ٹیم بنی جس کو سب سے زیادہ 6 شکستوں کا سامنا رہا اور صرف 3 میچوں میں کامیابی ملی۔پی ایس ایل 2020 کا فائنل سرفہرست دو ٹیموں کے درمیان 18 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہی کھیلا جائے گا۔