دبئی ۔7 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل)4 میں بیرون ملک میں ہونے والے میچز کا مرحلہ مکمل ہوگیا،6 ٹیموں کی ٹرافی کی دوڑ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی آخری 4 ٹیموں میں پہنچ گئیں۔ پی ایس ایل فور میں شارجہ،دبئی اور ابوظہبی میں مقابلے مکمل ہوگئے، فائنل فور کیلئے اب دیکھنا یہ ہے کہ کراچی،لاہور اور اسلام آباد میں سے کون آگے بڑھے گا۔ ملتان سلطانز کا پتہ پہلے ہی صاف ہوچکا ہے جبکہ ایونٹ میں اس کا ایک میچ ابھی باقی ہے،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز،پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے بھی 9،9 میچز کھیل لئے ہیں۔ایونٹ میں کبھی پشاور زلمی کو کامیابی ملی تو کبھی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مار کھائی،کہیں جیت لاہور قلندرز کو ملی تو کبھی کراچی کنگز فاتح ٹھہری۔ پی ایس ایل 4 میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے بھی رنگ جمایا تاہم ملتان سلطانز 9 میں سے 7 میچز میں شکست کے بعد فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکی ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے مقام پر اسلام آباد ضرور ہے لیکن وہ تاحال خطرے سے باہر نہیں کیونکہ کراچی کنگز بھی 8 پوائنٹس ہیں اور لاہور قلندرز کے 6 پوائنٹس ہیں جبکہ دونوں ٹیموں کے 2،2 میچز تاحال باقی ہیں۔ 9 مارچ کو کراچی میں ہونے والے میچز میں ٹیموں کی دوڑ اپنی جگہ پر ہے ۔