پی ایم آواس یوجنا کی رقم ملتے ہی 11 خواتین عاشقوں کے ساتھ فرار

   

نئی دہلی: مرکزی حکومت کی جانب سے غریب افراد کو سہارا دینے کے لیے پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت مالی امداد کی جاتی ہے، جس کے ذریعہ وہ اپنے رہنے کے لیے مکان بنا سکتے ہیں، لیکن ریاست اتر پردیش کے مہاراج گنج ضلع میں لوگوں کے گھر تو نہیں بنے الٹا ان کے گھر ہی ٹوٹ گئے۔ تفصیلات کے مطابق ریاست اتر پردیش کے ضلع مہاراج گنج میں پردھان منتری آواس یوجنا کی رقم کی پہلی قسط ملتے ہی 11 خواتین اپنے شوہروں کو چھوڑ کر عاشقوں کے ساتھ فرار ہو گئیں، ان خواتین کو فی کس 40 ہزار روپے پہلی قسط حاصل ہوئی تھی، اس کے بعد متاثرہ شوہروں نے متعلقہ محکموں کے ذمہ داروں سے شکایت کی اور دوسری قسط نہ بھیجنے کی خواہش کی۔ انھوں نے حکام سے کہا کہ مکان کی تعمیر کی دوسری قسط ان کی بیویوں کے اکاؤنٹ میں جمع نہ کروائی جائے۔ دوسری جانب محکمہ کے حکام نے سرکاری رقم جو مکان بنانے کے لیے استعمال نہیں کی گئی اسے واپس لینے کے عمل کا آغاز کر دیا ہے، اسی دوران جن کی بیویاں عاشقوں کے ساتھ بھاگ گئیں وہ شوہر اس بات کو لے کر بھی فکر مند ہیں کہ کہیں رقم وصول کرنے کے لیے انہیں نوٹس تو روانہ نہیں کی جائے گی؟جبکہ وہ رقم انہوں نے مکان کی تعمیر کے لیے استعمال ہی نہیں کی ہے بلکہ ان کی بیویاں یہ رقم لے کر بھاگ گئیں۔