پی ایم او کی ہدایت پر راجیودیکشت کی موت کی آٹھ سال بعدہوگی پھر جانچ

   

بھیلائی نگر،23جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم کے دفترکی ہدایت پر چھتیس گڑھ کے بھیلائی میں بھارت سوبھیمان آندولن کے قومی ترجمان راجیو دیکشت کی آٹھ سال قبل ہوئی مشتبہ موت کی از سرنو جانچ ہوگی۔ درگ انچارج انسپکٹر جنرل آف پولیس رتن لال ڈانگی نے پی ایم اوسے خط موصول ہونے کے بارے میں بتاتے ہوئے کہاکہ جانچ کے لیے درگ پولیس سپرنٹنڈنٹ کے پاس اسے بھیجا جارہاہے ۔دیکشت کی 29،30کی درمیانی شب میں بھیلائی کے بی ایس آر اپولو اسپتال میں موت ہوگئی تھی۔ دیکشت ملک میں تیار مصنوعات کے استعمال کے محرک تھے اور ملک بھر میں گھوم گھوم کر اس تعلق سے اپنا لیکچر دیتے تھے۔ غیر ملکی کمپنیوں کی مصنوعات کے استعمال کی مخالفت کرنے کی وجہ سے انکی بین الاقوامی سطح پر شناخت قائم ہوئی تھی۔ دیکشت کی موت کے بعد انکی لاش کا پوسٹ مارٹم کروائے بغیر ہی اسے آخری رسوم کی ادائیگی کے لیے آبائی شہر بھیج دی گئی تھی ۔جانچ کے تعلق سے اسے ایک بڑی غلطی تصور کیاگیا۔