ممبئی 3 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ممبئی پولیس کی معاشی جرائم سے متعلق ونگ نے آج پنجاب و مہاراشٹرا کو آپریٹیو بینک کے تین ڈائرکٹرس کو بینک میں 4,355 کروڑ روپئے کے اسکام کی تحقیقات کے سلسلہ میں گرفتار کرلیا ہے ۔ اب تک اس کیس میں گرفتار کئے جانے والے افراد کی تعداد 12 ہوگئی ہے ۔ ممبئی پولیس کی معاشی جرائم ونگ کے ایک عہدیدار نے کہا کہ جگدیش موکھی ‘ مکتی باویسی اور تروپتی بانے کو بینک کی جانب سے ہاوزنگ ڈیولپمنٹ اینڈ انفرا اسٹرکچر لمیٹیڈ کو کریڈٹ سہولت فراہم کرنے کے سلسلہ میں تفتیش کیلئے حراست میں لیا گیا ہے ۔ جگیدش موکھی نہ صرف پی ایم سی بینک کے ڈائرکٹر تھے بلکہ وہ بینک کی آڈٹ کمیٹی کے بھی 2005 سے رکن تھے ۔ اس کے علاوہ باویسی بینک کے ڈائرکٹر اور اس کی لونس و اڈوانس کمیٹی کے 2011 سے رکن تھے ۔ تروپتی بانے بینک کی قرض واپسی وصولی کمیٹی کے رکن 2010 سے 2015 کے درمیان رہے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ ان تینوں عہدیداروں کو چہارشنبہ کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے باضابطہ تحویل حاصل کی جائے گی ۔ 16 نومبر کو معاشی جرائم ونگ کی جانب سے سابق بی جے پی رکن اسمبلی سردار تارا سنگھ کے فرزند راج نیت سنگھ کو بھی گرفتار کیا گیا تھا جو بینک کے ڈائرکٹر رہ چکے ہیں۔ دیگر عہدیدار بھی حراست میں لئے جاچکے ہیں۔