پی ایم مودی استعفیٰ دیں، سنجے سنگھ کا مطالبہ

   

نئی دہلی: ہنڈنبرگ ریسرچ کی جانب سے سیبی کی چیئرپرسن مادھوی بچ کے خلاف الزامات کے بعد اس معاملے پر سیاست تیز ہو گئی ہے۔ اسی سلسلے میں اے اے پی کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے اتوار کو الزام لگایا کہ ڈوبتی ہوئی ہندوستانی کمپنیوں کے شیئرز غیر ملکی جعلی کمپنیوں کے ذریعے رقم دے کر خریدے گئے۔ اس کی وجہ سے ملک کے لوگوں نے ان کمپنیوں کے شیئر بھی خریدے، جس کی وجہ سے ملک کے لوگوں کو 8.50 لاکھ کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔ سیبی اس کی تحقیقات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہنڈنبرگ کی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ سیبی کی چیئرپرسن مادھوی بچ اور ان کے شوہر نے ان جعلی کمپنیوں میں کروڑوں روپے کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔ سپریم کورٹ کو اس کا نوٹس لینا چاہیے کیونکہ سچ اور حقائق چھپائے گئے تھے۔لوگوں کو 8.50 لاکھ کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ اس کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی ذمہ دار ہیں۔ جب تک نریندر مودی وزیر اعظم رہیں گے، اڈانی کے معاملات کی چھان بین نہیں ہو سکتی۔