نئی دہلی 22 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج وزیراعظم نریندر مودی پر چوٹ کرتے ہوئے اُنھیں مورد الزام ٹھہرایا کہ وہ چوکیداروں کی بہبود کے تعلق سے تک فکر نہیں کرتے، جن کی آڑ میں وہ انتخابی مہم چلارہے ہیں۔ فیس بُک پوسٹ میں راہول نے ایک میڈیا رپورٹ منسلک کی جس میں بتایا گیا کہ تقریباً 10 ہزار چوکیدار کم تر اُجرتوں کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔ راہول نے کہاکہ کم از کم اُن کی تو فکر کیجئے جن کے پیچھے چھپ رہے ہیں۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ وزیراعظم نے ’’میں بھی چوکیدار‘‘ کی مہم چھیڑ رکھی ہے۔ میڈیا رپورٹ میں بیان کیا گیا کہ جھارکھنڈ میں 10 ہزار چوکیداروں کو تنخواہیں ادا نہ کئے جانے پر بڑا ہنگامہ پرپا ہوا۔ راہول گاندھی وزیراعظم پر رافیل معاملت میں چوری کا الزام لگاتے ہوئے تنقید کرتے آئے ہیں اور اُنھوں نے اکثر اُنھیں نشانہ بناتے ہوئے یہ نعرہ لگایا کہ ’’چوکیدار چور ہے‘‘۔