پی ایم کیئرس فنڈ میں چینی کمپنیوں کا عطیہ ، کانگریس کا دعویٰ

,

   

نئی دہلی۔ کانگریس پارٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ایم کیئرس فنڈ میں چین کی ٹیلیکام کمپنیوں کی جانب سے فنڈس کو قبول کیا گیا ہے۔ برسراقتدار بی جے پی کی جانب سے پرائم منسٹرس نیشنل ریلیف فنڈ میں چینی سفارت خانہ کی جانب سے عطیہ قبول کرنے اور فنڈس کا دیگر مقاصد کیلئے استعمال کرنے کے الزام کا جواب دیتے ہوئے کانگریس پارٹی نے آج یہ دعویٰ کیا۔ کانگریس ترجمان ابھیشیک منو سنگھوی نے سوال کیا کہ چینی کمپنیوں کے عطیات کو کیوں قبول کیا گیا جبکہ لداخ میں چین دراندازی کررہا ہے؟انہوں نے دعویٰ کیا کہ کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کیلئے قائم کئے گئے پی ایم کیئرس فنڈ میں کئی چینی کمپنیوں نے عطیات دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو پی ایم کیئرس فنڈ کے تحت 9678 کروڑ روپئے وصول ہوچکے ہیں۔ ان میں چین کی بھی بھاری رقم ہے۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ 7 کروڑ روپئے Huawei کی جانب سے دیئے گئے ہیں جو چینی فوج سے وابستہ ہے۔ سوشیل میڈیا کمپنی TikTak نے 30 کروڑ دیئے ہیں۔ Paytm نے 100 کروڑ روپئے کا عطیہ دیا ہے جس میں 38% چینی شیئرس ہیں۔ Xiaomi اور Oppo کی طرح ٹیلیکام کمپنیوں نے بھی عطیہ دیا ہے۔ کانگریس قائد نے کہا کہ پی ایم کیئرس فنڈ کو CAG کی جانب سے آڈٹ نہیں کیا گیا۔ یہ فنڈ آر ٹی آئی کے تحت نہیں ہے اور نہ ہی اس کی کوئی جوابدہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں اور چینی کمپنیوں کا وہ انکشاف کریں گے۔ کانگریس نے کہا ہے کہ چین نے ہندوستانی سرحد پر متعدد پوائنٹ پر قبضہ کرلیا ہے لیکن مودی سرکار اس بارے میں کچھ بھی بولنے کیلئے تیار نہیں ہے ۔