لکھنو: مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات انوراگ ٹھاکر نے پنجاب میں وزیر اعظم نریندر مودی کی سیکورٹی میں کوتاہی کے معاملے میں کانگریس کی اعلیٰ قیادت کی خاموشی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ پورے ملک نے اس معاملے کو بہت ہی سنجیدگی سے لیا ہے ۔ جمعہ کو یہاں دوردرشن کنکلیو کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ، ٹھاکر نے کہا کہ پنجاب میں وزیراعظم کی سیکورٹی میں ہوئی کوتاہی پر کانگریس کی خاموشی سے ان کے ارادے کا پتہ چلتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں وزیر اعلیٰ پنجاب سمیت کانگریس کے لیڈران نے جو بیانات دئے ہیں وہ ان کی سوچ کی عکاسی کرتے ہیں۔ ٹھاکر نے کہا کہ وزیراعظم کسی پارٹی کا نہیں بلکہ پورے ملک کا ہوتاہے اور ملک نے اس معاملے کو بہت سنجیدگی سے لیا ہے ۔ یہ پوچھے جانے پر کہ اتر پردیش میں ڈبل انجن کا تنتر اور جیت کا منتر کیا ہے ، ٹھاکر نے کہا کہ 2017 سے پہلے اتر پردیش میں ڈیڑھ لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری ہوتی تھی، لیکن پچھلے پانچ سالوں میں ڈبل انجن کی حکومت میں یہ 4.5 لاکھ کروڑ روپئے ہوگئی ہے ۔ اسی طرح اتر پردیش میں دو بین الاقوامی ہوائی اڈوں کی تعداد پانچ کرنی ہویا 60 میڈیکل کالجوں کا بننا اور کسانوں کودوگنا کم از کم سہاراقیمت ملنا ہو، یہ سب صرف ڈبل انجن والی حکومت کی وجہ سے ہوا ہے ۔
