پی ایچ ڈی کرنے اب ایم فل ضروری نہیں ‘نئی سہولت

   

حیدرآباد۔5نومبر(سیاست نیوز) ہندستان میں اب پی ایچ ڈی کرنے ایم فل کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ مرکزی وزارت فروغ انسانی وسائل کی جانب سے پی ایچ ڈی کیلئے ایم فل کی شرط کو ختم کرنے اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ وزارت کے فیصلہ کے مطابق اب گریجویشن کے بعد پی ایچ ڈی کی گنجائش فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ ریسرچ اسکالر پر اضافی بوجھ عائد نہ ہو اور تعلیمی اصلاحات کے ذریعہ کم عمرمیں پی ایچ ڈی کی تکمیل کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جاسکیں۔ حکومت کے فیصلہ کے بعد ملک کی کئی ریاستوں میں جہاں ماہرین مضامین کے طورپر پی ایچ ڈی لکچرر کے تقرر کا لزوم ہے ان میں ملازمت کے متلاشیوں کیلئے ایک زریں موقع حاصل ہوسکتا ہے کیونکہ وہ اپنے مضمون میں گریجویشن کے بعد کسی بھی شعبہ میں تحقیق کے اہل ہوجائیں گے جبکہ اب تک کسی بھی شعبہ میں تحقیق کیلئے گریجویشن کے بعد ایم فل کرنا لازمی تھا ۔اب نئی ترمیم پر عمل آوری کے بعد ایم فل کی ضرورت نہیں رہے گی۔ریاست میں انجنئیرنگ کالجس پر حکومت کے عائد لزوم کے مطابق پی ایچ ڈی اساتذہ کا تقرر لازمی ہے اور انجنئیرنگ میں پی ایچ ڈی اساتذہ ملنا دشوار ہونے سے کئی کالجس بند ہوچکے ہیں لیکن اب وزارت فروغ انسانی وسائل سے گریجویشن کے بعد پی ایچ ڈی کی سہولت سے ہزاروں ریسرچ اسکالر بننے تیار ہیں۔