پی ای ٹی منتخب امیدواروں کے تقررات کیلئے کل کونسلنگ

   

حیدرآباد 14 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے فزیکل ایجوکیشن ٹیچرس کے تقررات عمل میں لانے کے لئے منعقدہ ٹسٹ میں منتخبہ امیدواروں کو احکامات تقررات جاری کرنے کے لئے 16 جنوری کو کونسلنگ کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسر ضلع حیدرآباد شریمتی وینکٹ نرسما نے یہ بات بتائی اور کہاکہ فزیکل ایجوکیشن ٹیچرس کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے کے لئے تلنگانہ ریاستی پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے گزشتہ چند ماہ قبل ٹسٹ منعقد کیا گیا اور اس ٹسٹ میں اہل قرار پائے امیدواروں کی میرٹ کی اساس پر فہرست کو قطعیت دیتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسر کو احکامات تقررات جاری کرنے کے لئے ضروری ہدایات دی گئی تھیں۔ ان ہدایات کی روشنی میں ہی احکامات تقررات جاری کرنے کے مقصد سے 16 جنوری کو منتخبہ فزیکل ایجوکیشن ٹیچرس کے لئے کونسلنگ منعقد کی جارہی ہے۔ منتخبہ امیدواروں کی فہرست کا ویب سائیٹ
(https://dcebhyderabad.webnode.in)
پر مشاہدہ کیا جاسکتا ہے۔ شریمتی نرسما نے مزید بتایا کہ 16 جنوری کو جوائنٹ کلکٹر حیدرآباد نے چیمبر میں صبح ساڑھے دس بجے سے کونسلنگ کا آغاز ہوگا۔ لہذا منتخبہ امیدوار اپنے اصل صداقتناموں کے علاوہ گزیٹیڈ عہدیداروں کی دستخط ثبت کردہ زیراکس کاپیوں کے ساتھ مقررہ وقت پر کونسلنگ میں حاضر رہنے کی خواہش کی۔