حیدرآباد۔/19 فبروری، ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں ایم ٹیک اور ایم فارما کورسیس میں داخلوں کیلئے منعقد کئے جانے والے پی جی ای سیٹ کے شیڈول کی اجرائی عمل میں لائی گئی اور آئندہ ماہ 3 مارچ کو پی جی ای سیٹ کیلئے اعلامیہ جاری کرنے کا تلنگانہ ریاستی کونسل برائے اعلیٰ تعلیم کے عہدیداروں نے فیصلہ کیا ہے اور بتایا کہ درخواستیں آن لائن کے ذریعہ ہی داخل کرنا ہوگا۔ تلنگانہ ریاستی کونسل برائے اعلیٰ تعلیم کے ذرائع نے پی جی ای سیٹ کی تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ پی جی کورسیس میں داخلوں کیلئے پی جی ای سیٹ کا اعلامیہ 3 مارچ کو جااری کیا جائے گا اور آن لائن میں درخواستوں کے ادخال کا آغاز 12 مارچ سے کیا جائے گا۔ درخواستوں کے آن لائن ادخال کی آخری تاریخ 30 اپریل ہوگی۔ جرمانہ کے ساتھ درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ 26 مئی ہوگی۔