حیدرآباد ۔ 12۔ جولائی (سیاست نیوز) لوک سبھا چناؤ میں تلنگانہ میں کانگریس کے کمزور مظاہرہ کا جائزہ لینے کے لئے حیدرآباد کے دورہ پر اے آئی سی سی ٹیم نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی۔ راجیہ سبھا کے سابق نائب صدرنشین پی کے کورین اور آسام کے رکن پارلیمنٹ رقیب الحسین نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ان کی قیامگاہ پر ملاقات کی ۔ اس موقع پر دونوں قائدین نے اسمبلی و لوک سبھا انتخابات میں کانگریس ووٹ بینک کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے کمیٹی کو بتایا کہ لوک سبھا چناؤ میں 12 نشستوں پر کانگریس کی کامیابی یقینی تھی لیکن لمحہ آخر میں بی آر ایس نے اپنا ووٹ بینک بی جے پی کے حق میں منتقل کردیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ملکاجگری ، چیوڑلہ اور محبوب نگر حلقہ جات میں بی آر ایس کے ووٹ بینک سے بی جے پی کو فائدہ پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس کا ووٹ بینک مستحکم ہے اور لوک سبھا نتائج سے پارٹی کے آئندہ امکانات پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے پی جے کورین کو بعض حلقہ جات میں پارٹی قائدین اور ارکان اسمبلی کے درمیان تال میل کی کمی سے واقف کرایا۔ پی جے کورین گزشتہ دو دن سے لوک سبھا اور اسمبلی ارکان کے علاوہ شکست خوردہ امیدواروں سے ملاقات کرتے ہوئے نتائج کا جائزہ لے رہے ہیں۔ 1