چیف منسٹر سے ملاقات اور اظہار تشکر، عنقریب ارکان کا تقرر
حیدرآباد۔/16 نومبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے پارٹی کے جنرل سکریٹری اور رکن قانون ساز کونسل پی راجیشور ریڈی کو اسٹیٹ لیول فارمرس کوآرڈینیشن کمیٹی کا صدر مقرر کیا ہے۔ انہوں نے عہدیداروں کو پی راجیشور ریڈی کے تقرر کے احکامات جاری کرنے کی ہدایت دی۔ فارمرس کوآرڈینیشن کمیٹی کے ارکان کا جلد تقرر کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے فیصلہ کیا کہ جون تک مواضعات سے ریاستی سطح تک کسانوں کی کوآرڈینیشن کمیٹیوں کو مستحکم کیا جائے گا اور ریاستی سطحی کمیٹی ایک مضبوط قوت میں تبدیل ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کوآرڈینیشن کمیٹیوں کو تقویت دینے کی ضرورت ہے۔ ان کمیٹیوں کو تنظیمی شکل دی جائے گی اور انہیں اس قابل بنایا جائے گا کہ وہ کسانوں کو اقل ترین امدادی قیمت کے حصول کو یقینی بنائیں۔ کسانوں کو بیج کی فراہمی سے لے کر پیداوار کی اقل ترین امدادی قیمت کمیٹیوں کی ذمہ داری رہے گی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اندرون دو تا تین یوم محکمہ زراعت کے عہدیداروں کے ساتھ اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے کوآرڈینیشن کمیٹیوں کو مستحکم کرنے اور زرعی شعبہ سے متعلق مسائل کا جائزہ لیا جائے گا۔ اسی دوران پی راجیشور ریڈی نے پرگتی بھون میں چیف منسٹر سے ملاقات کرتے ہوئے ریاستی سطح کی فارمرس کوآرڈینیشن کمیٹی کا صدر مقرر کرنے پر اظہار تشکر کیا۔ چیف منسٹر نے راجیشور ریڈی کو مشورہ دیا کہ وہ کسانوں کے مسائل کے حل کیلئے مساعی کریں اور اس ادارہ کو کسانوں کے مسائل کے حل کے مرکز میں تبدیل کیا جائے۔ واضح رہے کہ حالیہ عرصہ تک سکھیندر ریڈی کوآرڈینیشن کمیٹی کے صدرنشین تھے۔