حیدرآباد ۔ 16 جون (سیاست نیوز) کھمم کے سابق ایم پی اور بی آر ایس سے معطل شدہ قائد پی سرینواس ریڈی ایسا معلوم ہوتا ہیکہ کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کیلئے ذہن بنا لیا ہے۔ اگر ذرائع پر یقین کیا جائے تو کانگریس قیادت نے سرینواس ریڈی کے زیادہ تر مطالبات کو قبول کیا ہے اور امکان ہیکہ وہ اس ماہ کے اواخر میں کھمم میں منعقد ہونے والے ایک جلسہ عام میں راجیو گاندھی کی موجودگی میں کانگریس پارٹی میں شامل ہوجائیں گے۔ پارٹی اس جلسہ میں تین لاکھ لوگوں کی شرکت کو یقینی بنانے کی کوشش کررہی ہے۔ سرینواس ریڈی کے ایک قریبی ساتھی کے مطابق صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی کے ساتھ ان کی ابتدائی بات چیت کے دوران کانگریس نے سرینواس ریڈی کے مطالبات کو قبول کیا ہے۔ اس نے آئندہ انتخابات میں سابق ضلع کھمم میں 10 میں سے آٹھ اسمبلی حلقوں سے انہیں اور ان کے حامیوں کو پارٹی ٹکٹ دینے سے اتفاق کیا ہے۔ کانگریس نے اس ضلع میں انتخابات کی پوری ذمہ داری انہیں تفویض کرنے کا بھی وعدہ کیا ہے۔ کانگریس، اس بات کا قوی امکان ہیکہ مابقی دو حلقوں۔ مدھیرا اور بھدراچلم سے بالترتیب موجودہ رکن اسمبلی ملوبھٹی وکرمارکا اور پی ویریا کو ٹکٹس دے گی۔