پی سی سی صدارت کے لیے عنقریب سونیا گاندھی سے ملاقات: رکن پارلیمنٹ وینکٹ ریڈی

   

حیدرآباد۔ 21 فروری (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ پردیش کانگریس کی صدارت میں بہت جلد تبدیلی ہوسکتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پی سی سی صدارت کی دوڑ میں وہ شامل ہیں۔ بہت جلد سونیا گاندھی سے ملاقات کرتے ہوئے اس ذمہ داری کے لیے درخواست کریں گے۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس کو دوبارہ برسر اقتدار لانا ان کا بنیادی مقصد رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کو ریاست کی ترقی سے زیادہ کمیشن کے حصول کی فکر ہے۔ گزشتہ پانچ برسوں میں حکومت نے دیہی اور شہری ترقی کے لیے فنڈز جاری نہیں کئے لیکن اب پلے پرگتی اور پٹنا پرگتی کے نام پر تشہیری مہم شروع کی گئی ہے۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ فنڈس کے بغیر اس طرح کے پروگراموں کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں غریبوں کے لیے ایک بھی مکان حوالے نہیں کیا گیا۔ ڈبل بیڈروم مکانات کا اعلان محض انتخابی وعدہ بن کر رہ گیا ہے۔ حکومت کی کارکردگی سے عوام مایوس ہیں اور وہ متبادل کے طور پر کانگریس کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی نہیں بلکہ کانگریس حقیقی متبادل کے طور پر عوامی تائید حاصل کرے گی۔