پی مہیندر ریڈی کوکابینہ میں شامل کرنے کا پیشکش:چیف منسٹر

   

کانگریس میں شامل ہونے کا من بنانے والے مہیندر ریڈی کا لمحہ آخر میں یوٹرن ، کسی بھی وقت حلف برداری
حیدرآباد : /22 اگست (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے سی آر نے ایک اور ماسٹر اسٹروک کھیلتے ہوئے پارٹی کے سینئر قائد پی مہیندر ریڈی کو وزارت میں شامل کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے کانگریس کو مایوس کردیا ۔ چیف منسٹر نے ایک ایسے وقت یہ چال چلی جبکہ پی مہیندر ریڈی اسمبلی حلقہ تانڈور سے ٹکٹ نہ ملنے پر اپنے ارکان خاندان کے ساتھ کانگریس میں شامل ہونے کی تمام تیاریاں کرلی تھی ۔ پارٹی ذرائع اور انٹلیجنس رپورٹ کے بعد متحدہ ضلع رنگاریڈی میں بی آر ایس کو ہونے والے نقصان سے بچانے کیلئے چیف منسٹر نے پی مہیندر ریڈی کو پرگتی بھون طلب کیا اور انہیں منالیا ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ چیف منسٹر نے انہیں وزارت میں شامل کرنے کا پیشکش کیا ہے اور ساتھ ہی ان کے بھائی کو دوبارہ ٹکٹ دینے اور ان کی شریک حیات کیلئے بھی پارٹی میں ہمیشہ احترام کا تیقن دیا ۔ جس کے بعد پی مہیندر ریڈی نے کانگریس میں شامل ہونے کا ارادہ ترک کردیا ۔ واضح رہے کہ 2018 ء کے انتخابات میں کانگریس کے امیدوار پائیلٹ روہت ریڈی نے پی مہیندر ریڈی کو شکست دی تھی ۔ تب وہ ٹرانسپورٹ منسٹر تھے اس کے بعد کانگریس کے دوسرے ارکان اسمبلی کے ساتھ روہت ریڈی بی آر ایس میں شامل ہوگئے تب ہی مہیندر ریڈی نے اس کی مخالفت کی تھی ۔ بعد میں چیف منسٹر نے انہیں کونسل کا رکن نامزد کردیا ان کی شریک حیات ضلع پریشد کی صدرنشین ہیں اور بھائی رکن اسمبلی ہے ۔ تاہم گزشتہ 5 سال سے پائیلٹ روہت ریڈی اورپی مہیندر ریڈی کے درمیان سردجنگ جاری ۔ وزارت کے تیقن کے بعد پی مہیندر ریڈی ٹکٹ کی دعویداری سے دستبردار ہوگئے۔ اور پائیلٹ روہت ریڈی کی تائید کرنے کا اعلان کردیا ۔ ایٹالہ راجندر کی وزارت سے استعفیٰ کے بعد کابینہ میں ایک وزیر کو شامل کرنے کی گنجائش ہے اور چیف منسٹر پی مہیندر ریڈی کو کابینہ میں شامل کرنے والے ہیں ۔ راج بھون میں کسی بھی وقت حلف برداری کی تقریب منعقد ہوسکتی ہے ۔ ذرائع سے یہ بھی پتہ ہے کہ چیف منسٹر کے سی آر کیلئے کاماریڈی کی نشست خالی کرنے والے گمپا گوردھن ریڈی کو بھی کابینہ میں شامل کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے ۔
انہیں کابینہ میںشامل کرنے کیلئے کسی کو وزارت سے ہٹایا جائے گا یا آئندہ حکومت تشکیل دینے کے بعد وزارت میں شامل کیا جائے گا اس کی ابھی کوئی وضاحت نہیں ہوئی ہے ۔