پی وی این آر ایکسپریس کی مرمتی کام میں تاخیر پر مشکلات

   

21جون تک کاموں کی تکمیل کی ہدایت بے اثر ، پلروں پر نمبراندازی بھی جوں کی توں
حیدرآباد۔2جولائی (سیاست نیوز) پی وی این آر ایکسپریس وے کی مرمت و تعمیر کے علاوہ آہک پاشی کے کاموں کو گذشتہ ماہ کی 21تاریخ کو مکمل کرلیا جانا چاہئے تھا اور تمام پلروں پر نمبر اندازی کا کام بھی اسی دوران مکمل کیا جانا تھا لیکن اب تک بھی یہ کام جوں کا توں ہے اور شہریوں کو پتہ ڈھونڈنے میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہاہے ۔ پرنسپل سیکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق مسٹر اروند کمار نے گذشتہ ماہ پی وی این آر ایکسپریس وے کے مرمتی کاموں کا جائزہ لینے کے بعد اس بات کی ہدایت دی تھی کہ کنٹراکٹر 21جون تک ان تمام کاموں کو مکمل کرلے لیکن ان کی ہدایات کے باوجود بھی اب تک ان کاموں کو مکمل نہیں کیا جا سکا ہے بلکہ پی وی این آر ایکسپریس وے جو کہ شمس آباد سے مہدی پٹنم آنے والی ٹریفک کیلئے بند رکھا گیا تھا اسے کھولتے ہوئے یہ تاثر دیا جا رہاہے کہ ان کاموں کو مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ اب بھی رات کے اوقات میں پی وی این آر ایکسپریس وے کے نچلے حصہ میں رنگ و روغن کا عمل جاری ہے اور نمبر اندازی کے متعلق استفسار پر کہا جا رہاہے کہ اس کے لئے ابھی مزید 15یوم لگ سکتے ہیں کیونکہ نمبراندازی اور رنگ و روغن دونوں کام یکساں انجام دینا ممکن نہیں ہے۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے اعلان کئے جانے والے کاموں میں پی وی این آر ایکسپریس وے کی مرمت اور سڑک کی تعمیر نو انتہائی اہمیت کا حامل کام ہے لیکن اس کی تکمیل کے لئے جتنا وقت دفیا گیا تھا اس سے زائد وقت لگ چکا ہے اور اعلی عہدیداروں کو جانب سے دی جانے والی ہدایات بھی نظر انداز کی جانے لگی ہے۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے شہر حیدرآباد کے مرکزی علاقہ سے ائیرپورٹ کو جوڑنے والے اس ایکسپریس وے کی مرمت اور سڑک کی تعمیر کے لئے زائد از ایک ماہ اس برج کو ایک رخی راستہ قرار دیا گیا تھا اور اعلی عہدیداروں کے معائنہ کے بعد توقع کی جا رہی تھی کہ ایکسپریس وے کے کاموں کو 21جون تک مکمل کرلیا جائے گا لیکن ان کاموں کی عدم تکمیل کے سبب عوام میں مایوسی پائی جا رہی ہے کیونکہ پلر نمبروں کے ذریعہ پتہ تلاش کرنے میں ہونے والی آسانیوں کے علاوہ اس مصروف ترین سڑک پر موجود تجارتی اداروں کی کی بہ آسانی نشاندہی کی جاتی تھی۔