پی وی سندھو اور سائنا سے ورلڈچمپین شپ میں امید

   

نئی دہلی۔8 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کی بیڈ منٹین کھلاڑی پی وی سندھو اس سال بھلے ہی اب تک کوئی خطاب حاصل نہیں کیا ہے لیکن وہ سوئٹزرلینڈ کے باسل میں 19 اگست کو ہونے والی عالمی بیڈمنٹن چمپئن شپ میں خطاب کی ہیٹ ٹرک کے ارادے سے اتریں گی۔سندھو نے عالمی چمپئن شپ کی تیاری کے لیے گزشتہ ہفتے تھائی لینڈ اوپن سے اپنا نام واپس لے لیا تھا۔ سندھو کو عالمی چمپئن شپ میں پانچویں سیڈ دی گئی تھی اور انہیں پہلے راونڈ میں بائی ملی ۔ سندھو اس باوقار ٹورنمنٹ میں چار مرتبہکی میڈلسٹ ہیں۔اولمپک سلور میڈل فاتح سندھو نے اس ٹورنمنٹ میں 2013 اور 2014 میں برونز میڈل جیتے تھے جبکہ 2017 اور 2018 میں انہوں نے سلورمیڈل جیتے ۔ سندھو گزشتہ سال کے آخر میں ورلڈ ٹور فائنلس میں خطاب جیتنے کے بعد اپنے پہلے خطاب کی تلاش میں ہے۔ وہ گذشتہ ماہ انڈونیشیا اوپن کے فائنل میں پہنچی تھیں لیکن انہیں جاپان کی اکانے یاماگوچی سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس کے بعد وہ جاپان اوپن کے کوارٹر فائنل میں یاماگوچی کے خلاف ہی شکست برداشت کی۔عالمی چمپئن شپ کا ڈرا پیرکو کوالا لمپور میں عالمی بیڈمنٹن فیڈریشن کے ہیڈ کوارٹر میں نکالا گیا ۔ سندھو کا ٹورنمنٹ کے کوارٹر فائنل میں دوسری سیڈ اور سابق نمبر ایک چینی تائی پے کی تائی جو ینگ سے مقابلہ ہو سکتا ہے۔اس درمیان ٹورنمنٹ سے چین کے شی یوکی، ڈنمارک کے وکٹر ایکسلسن اور اسپین کی کیرولینا مارین نے زخمی ہونے کی وجہ سے اپنے نام واپس لے لئے ہیں۔ عالمی نمبر دو کھلاڑی شی کو انڈونیشیا اوپن میں چوٹ لگی تھی۔ سال 2015 اور 2018 میں چمپئن رہی مارین نے سوشل میڈیا پر مطلع کیا ہے کہ وہ جنوری میں انڈونیشیا ماسٹرز میں دائیں گھٹنے میں لگی چوٹ سے صحتیاب نہیں ہو سکی ہیں۔2017 میں مرد زمرے کے چمپئن رہے ایکسلسن کی کمر میں تکلیف ہے جس سے انہیں پیٹھ اور پیروں میں درد رہتا ہے۔چمپئن شپ میں ہندستان کو سندھو کے علاوہ سائنا نہوال سے بھی امیدیں رہیں گی۔ سائنا تھائی لینڈ اوپن کے دوسرے راونڈ سے ہی باہر ہوئی ہیں۔ سائنا 2015 میں سلور میڈل اور2017 میں برونزمیڈل جیت چکی ہیں۔ سائنا کو ٹورنمنٹ میں آٹھویں سیڈ دی گئی ہے اور انہیں بھی پہلے راونڈ میں بائی ملی ہے۔مرد زمرے میں کدامبی سری کانت کو ساتویں، سمیر ورما کو 10 ویں اور بی سائیں پرنیت کو 16 ویں سیڈ دی گئی ہے۔ پرنیت حال میں جاپان اوپن کے سیمی فائنل تک پہنچے تھے۔ ہندوستان کو مرد سنگلز میں پرکاش پادکون کے 1983 میں برونزمیڈل جیتنے کے بعد سے پہلے خطاب کی تلاش ہے۔ مرد ڈبلزکو ہندستان کی امیدیں تھائی لینڈ اوپن میں خطاب جیت کر تاریخ رقم کرنے والی ساتوک سائراج رینکی ریڈی اور چراغ شیٹی کی جوڑی رہے گی جنہیں ٹورنمنٹ میں 15 ویں سیڈ ملی ہے۔ مرد ڈبلز کو مانو اتری اور بی سمیت ریڈی، ایم ایر ارجن اور رام چندرن شلوک اور ارون جارج اور سیئم شکلا بھی اپنی چیلنج پیش کریں گے۔خاتون ڈبلز میں جے میگھنا اور پوروشا ایس رام، اشونی پونپا اور این سیکی ریڈی اور پوجا ڈانڈو اور سجنا سنتوش اپنا چیلنج رکھیں گے۔ ہندستان نے خواتین ڈبلز میں واحد برونز میڈل 2011 میں جیتا تھا اور پھر یہ میڈل جوالا گٹا اور اشونی پونپا نے دلایا تھا۔ مکسڈ ڈبلز میں پرنب جیری چوپڑا اور سکی ریڈی اور ساتوک سائراج اور پونپا اتریں گے۔یہ عالمی چمپئن شپ کا 25 واں سیزن ہے۔ اس کا انعقاد پہلی مرتبہ 1977 میں سویڈن کے مالمو میں ہوا تھا۔ یہ 1995 کے بعد پہلی مرتبہ سوئٹزرلینڈ واپس آ رہا ہے۔