پی وی سندھو ٹوکیو اولمپکس گولڈ میڈل جیت کر ہی چین لیں گی

,

   

’ آئندہ سال ‘ بھی راج بھون میں سندھوکو تہنیت پیش کی جائے گی: گورنر نرسمہن
حیدرآباد۔/28اگسٹ، ( پی ٹی آئی) بیاڈ منٹن کی نئی عالمی چمپین پی وی سندھو کے علاوہ مانسی جوشی کوتلنگانہ کے گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے آج یہاں تہنیت پیش کی۔ ان کے ساتھ بیاڈ منٹن کے نیشنل کوچ پی گوپی چند اور دیگر کوچ بھی راج بھون میں منعقدہ تہنیتی تقریب میں موجود تھے۔ گورنر نرسمہن نے ان کامیابیوں کی ستائش کرتے ہوئے سندھو کو ’ ہندوستان کیلئے باعث فخر‘ اور مانسی جوشی کو ’ بہادر ہندوستانی ‘ قرار دیا۔ گورنر نے امید ظاہر کی کہ پی وی سندھو آئندہ سال ہونے والے ٹوکیو اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے کے بعد ہی آرام کریں گی۔ گورنر نرسمہن نے کہا کہ ’’ خواتین و حضرات آپ سب کو مجھے یہ یقین دلانے دیجئے کہ سندھو اس (ٹوکیو اولمپکس ) میڈل کے ساتھ ہی راج بھون آئیں گی اور میں یہاں رہوں گا یا نہیں رہوں گا راج بھون آئندہ سال انہیں تہنیت پیش کرے گا۔‘‘ کوچ گوپی چند اور گولڈ میڈل یافتہ سندھو نے تہنیت کی پیشکشی پر گورنر کا شکریہ ادا کیا۔

پی وی سندھو کو چیف منسٹر کے سی آر نے تہنیت پیش کی
گولڈ میڈل فتح پر مبارکباد، سارے ملک کیلئے اعزاز : چیف منسٹر
حیدرآباد۔/28ا گسٹ( سیاست نیوز)چیف منسٹر کے چندرشیکھرراؤ نے آج یہاں پی وی سندھوکی خواتین کے عالمی بیاڈمنٹن چمپئن شپ میں حالیہ جیت کو ساری قوم کیلیے باعث افتخار قراردیا. ساتھ ہی ساتھ وزیراعلی نے اس بات کا تیقن دیا کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے پی وی سندھو کیلیے مستقبل کے تمام ٹورنامنٹس میں شرکت کی تیاری کے ضمن میں مناسب انتظامات کئے جائیں گے. اس موقع پر وزیراعلی نے کہا کہ حیدرآباد بین الاقوامی مقابلہ جات میں کھلاڑیوں کی شرکت کے زمرہ میں ایک بہترین پلیٹ فارم کی شکل میں اْبھرا ہے۔ پی وی سندھو نے چہارشنبہ کو پرگتی بھون میں اپنے کوچ پی گوپی چند اور بیاڈمنٹن اسوسی ایشن کے معتمد عمومی چمندیشوریناتھ کے ہمراہ وزیراعلی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سندھو نے وزیراعلی کو ورلڈ بیاڈمنٹن چمپئن شپ میں جیتے ہوئے طلائی تمغے کا مشاہدہ کروایا اور وزیراعلی کو بیاڈمنٹن کے دو شٹل تحفے میں پیش کئے. چیف منسٹر کے سی آر نے اس موقع پر پی وی سندھوکی شال پوشی کرتے ہوئے انہیں تہنیت پیش کی. اس موقع پر کابینی وزیر سرینواس گؤڈ، اسپورٹس اتھاریٹی چیرمین وینکٹیشورریڈی، ڈی جی پی مہیندرریڈی، سٹی پولیس کمشنر انجنی کمار یادو و دیگر موجود تھے۔