پی وی سندھو کو تلنگانہ کا برانڈ ایمبسڈر مقرر کرنے بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ کا مطالبہ

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد: 5 اگست (سیاست نیوز) بھارتیہ جنتا پارٹی نے اولمپکس میں پی وی سندھو کے شاندار مظاہرے پر انہیں ثانیہ مرزا کی جگہ تلنگانہ کا برانڈ ایمبسڈر مقرر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ پارٹی کے رکن اسمبلی راجہ سنگھ نے اس سلسلہ میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو کو تجویز پیش کی اور کہا کہ ٹوکیو اولمپکس میں شیٹل کھلاڑی پی وی سندھو نے برانز میڈل جیت کر ہندوستان کے وقار کو بلند کیا ہے۔ راجہ سنگھ نے کہا کہ ثانیہ مرزا پاکستان کی بہو ہے۔ لہٰذا انہیں تلنگانہ کے برانڈ ایمبسڈر کے عہدے سے ہٹادیا جائے۔ ٹوکیو اولمپکس میں ثانیہ مرزا اور ان کی جوڑی انکیتا رانا کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ راجہ سنگھ نے ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا کہ پی وی سندھو پہلی ہندوستانی کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کرچکی ہیں جنہوں نے مسلسل دو اولمپکس مقابلوں میں میڈل جیتا ہے۔ سندھو نے کامیابی کے ذریعہ تلنگانہ اور ہندوستان کا نام روشن کیا۔ راجہ سنگھ نے چیف منسٹر پر زور دیا کہ وہ ریاست میں اسپورٹس کی سرگرمیوں پر خصوصی توجہ مرکوز کریں کیوں کہ ریاست میں کئی قابل اور باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں۔ حکومت کی جانب سے حوصلہ افزائی کی صورت میں عالمی مقابلوں میں بہتر مظاہرہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے اسپورٹس کامپلکسوں اور اسٹیڈیمس کی تعمیر کا مطالبہ کیا۔