پی وی نرسمہا راؤ کی دختر کو کونسل کی صدرنشین بنانے کا امکان

   

چیف منسٹر کے سی آر کا سنجیدگی سے غور ، سیاسی حلقوں میں افواہیں گشت
حیدرآباد ۔ غیر متوقع چونکا دینے والے فیصلے کرنے میں ماہر چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے ایک اور حیرت انگیز فیصلہ کرنے کی اطلاعات وصول ہو رہی ہے ۔ حلقہ گریجوٹ حیدراباد ، رنگاریڈی ، محبوب نگر سے کامیابی حاصل کرنے والی ٹی آر ایس کی امیدوار سابق وزیر اعظم آنجہانی پی وی نرسمہا راؤ کی دختر سرابی وانی دیوی کو تلنگانہ قانون ساز کونسل کا صدرنشین نامزد کرنے پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے ۔ ابھی تک چیف منسٹر کے سی آر یا ٹی آر ایس قیادت کی جانب سے سرکاری طور پر اس کا اعلان نہیں کیا گیا ہے ۔ مگر سیاسی حلقوں میں یہ افواہیں گردش کر رہی ہیں ۔ گریجویٹ حلقوں کے انتخابات میں لمحہ آخر میں چیف منسٹر کے سی آر نے ماسٹر اسٹروک کھیلتے ہوئے سابق وزیر اعظم آنجہانی پی وی نرسمہا راؤ کی دختر کو امیدوار بنانے کا اعلان کیا تھا اور خصوصی سیاسی حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے ٹی آر ایس نے بی جے پی کے قبضہ سے یہ نشست چھین لی تھی ۔ سرابی وانی دیوی کی کامیابی پر بی جے پی بھی حیرت زدہ رہ گئی تھی ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ چیف منسٹر کے سی ار سرابی وانی دیوی کو تحفہ میں تلنگانہ قانون ساز کونسل کے صدرنشین کا عہدہ دینے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ واضح رہے کہ تلنگانہ حکومت نے آنجہانی پی وی نرسمہا راؤ کو بھارت رتن ایوارڈ دینے کی مرکزی حکومت سے سافرش کی ہے اور حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی کو پی وی نرسمہا راؤ کے نام سے موسوم کرنے کا مرکز سے مطالبہ کیا جارہا ہے ۔ پی وی نرسمہا راؤ کی شخصیت اور عوام میں ان کے لئے جو احترام ہے ٹی آر ایس اپنے کھاتے میں شامل کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ اس لئے سرابی وانی دیوی کو کونسل کا صدرنشین بنانے پر غور کیا جارہا ہے ۔ موجودہ صدرنشین جی سکھیندر ریڈی کی میعاد جون میں مکمل ہو رہی ہے ۔ ان کی جگہ وانی دیوی کو صدرنشین بنانے اور جی سکھیندر ریڈی کو دوسرا عہدہ دینے کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔