ایک سال تک تقاریب، بھارت رتن اعزاز کا مطالبہ
حیدرآباد : سابق وزیراعظم آنجہانی پی وی نرسمہا راؤ کو جینتی کے موقع پر حکومت اور کانگریس پارٹی کی جانب سے خراج پیش کیا گیا۔ نیکلس روڈ پر واقع نرسمہا راؤ کی سمادھی پر تقریب منعقد کی گئی جس میں چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ، اسپیکر اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی، ریاستی وزراء سرینواس یادو، ای راجندر، صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی، سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی، نرسمہا راؤ جینتی تقاریب کے صدرنشین رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر کیشو راؤ اور دوسروں نے شرکت کی۔ اِس موقع پر چیف منسٹر و دیگر قائدین نے ملک میں معاشی اصلاحات کے لئے نرسمہا راؤ کے کارناموں کی یاد تازہ کی۔ چیف منسٹر کے سی آر اور صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی دونوں نے مرکز سے مطالبہ کیاکہ سابق وزیراعظم کو بھارت رتن کا اعزاز دیا جائے۔ حکومت اور کانگریس پارٹی دونوں نے ایک سال تک جینتی تقاریب منانے کا اعلان کیا ہے۔ 99 ویں جینتی کے موقع پر نرسمہا راؤ کے افراد خاندان اور اُن کے قریبی دوست بھی گیان بھومی نیکلس روڈ پر موجود تھے۔ سرکاری تقریب کے علاوہ گاندھی بھون میں علیحدہ تقریب منعقد کی گئی جس میں اتم کمار ریڈی کے علاوہ ملو روی، پونم پربھاکر اور دیگر قائدین نے نرسمہا راؤ کے پورٹریٹ پر پھول چڑھائے۔ رکن اسمبلی ڈی سریدھر بابو، صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی انجن کمار یادو، ترجمان اے آئی سی سی ڈی شراون اور دیگر قائدین نے نرسمہا راؤ کو خراج پیش کیا۔
