پی ٹی آئی کا پاک۔ سعودی دفاعی معاہدہ کا خیرمقدم

   

اسلام آباد، 19ستمبر (یو این آئی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے انتہائی اہمیت کے حامل دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کیا ہے ۔مرکزی سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں دفاعی معاہدے کا خیر مقدم کیا۔ شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ دفاعی معاہدہ مشترکہ اسٹریٹجک مفادات اور بھائی چارے کی توثیق ہے ، دونوں ممالک کے دفاعی تعاون سے خطے میں استحکام بڑھے گا، دفاعی تعاون سے دوطرفہ تعلقات اور علاقائی سلامتی کو تقویت ملے گی۔ مرکزی ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے پاکستان کو مسلم دنیا کا اتحاد تصور کیا، پی ٹی آئی مسلم اتحاد اور اجتماعی سلامتی کو اہم سمجھتی ہے ، حرمین الشریفین کا تقدس ہمارے عقیدے کا بنیادی جزو ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام سعودی حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، پاک سعودی تعاون خطے میں امن و خوشحالی کا باعث بنے گا۔ قبل ازیں پی ٹی آئی کے سابق رکن اسد عمر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ دفاعی معاہدہ ایک بڑی پیشرفت اور وقت کی اہم ضرورت ہے ، سعودی عرب سے معاہدے کے بعد اسرائیل کو کوئی شک نہیں اس کی جارحیت کے سامنے سب سے مضبوط ملک کھڑا ہے ۔ سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ پاکستان کی عسکری طاقت اور نیوکلیئر صلاحیت کو اب دنیا تسلیم کر رہی ہے ، پاکستان کیلئے خطرات ہمیشہ موجود رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم کی جانب سے نریندر مودی کو مبارکباد دینا اور بھارت و اسرائیل کا گٹھ جوڑ خطے کیلئے کھلی دھمکی ہے ، جیسے وہ یہ دکھانا چاہتا یہ دونوں ملک کر پتا نہیں کیا کریں گے تاہم اسرائیل جانتا ہے کہ اس کی جارحیت کے سامنے سب سے مضبوط رکاوٹ پاکستان ہی ہے ۔