نئی دہلی۔14اگست(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کی سابق رنر پی ٹی اوشا ایشیائی ایتھلیٹکس فیڈریشن کی رکن کے طورپر نامزد کی گئی ہیں۔ سال1992 کے اولمپک میں گولڈمیڈل کی فاتح ازبیکستان کے آندرئی عبدووالییو کی صدارت والے ایشیائی ایتھلٹکس فیڈریشن (اے اے ا ے )کے چھ اراکین میں اوشاکو شامل کیاگیا ہے ۔اے اے اے کے نومنتخب جنرل سکریٹری اے شوگومارن نے اوشا کو روانہ کردہ تقرری خط میں کہا،مجھے پورا یقین ہے کہ آپ اپنے نظریے اور تجربہ کے ساتھ ایشیائی ایتھلٹکس میں اپنا بھرپور تعاون دیں گی۔ہم اس اسوسی ایشن میں آپ کے مکمل تعاون کی امیدکرتے ہیں۔ اے اے ا ے کی رکن بننے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے 55 سالہ اوشا نے ٹویٹ کر کے کہا میں ایشیائی ایتھلٹکس اسوسی ایشن کی رکن بننے پر بے حد فخر محسوس کررہی ہوں۔ ہندوستانی کی کامیاب رنر پی ٹی اوشا کو سال 1983میں ارجن ایوارڈ اور 1985میں پدم شری ایوارڈ سے نوازا جاچکا ہے ۔