پی ٹی آئی نے استعفوں کی منظوری کیخلاف درخواست واپس لے لی

   

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف نے اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کی جانب سے پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی کے استعفوں کی مرحلہ وار منظوری سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کے حوالے سے درخواست واپس لے لی۔کچھ دیر قبل ہی، پی ٹی آئی نے اراکین اسمبلی کے استعفوں کی مرحلہ وار منظوری سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔واضح رہے کہ 6 ستمبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے قومی اسمبلی کے سابق قائم مقام اسپیکر قاسم خان سوری کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے قانون سازوں کے استعفوں کی منظوری کو غیر آئینی قرار دیا تھا۔تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری اسد عمر نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ عدالت عظمیٰ میں چیلنج کیا، تحریک انصاف کی جانب سے اپیل ایڈووکیٹ فیصل چودھری نے سپریم کورٹ میں دائر کی۔ دائر کردہ درخواست میں سپریم کورٹ سے اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔دائر درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ عوام سے تازہ میڈیٹ لینے کیلئے قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا، تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی اپنے استعفے دے چکے ہیں۔پی ٹی آئی نے درخواست میں کہا کہ سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے اسمبلی فلور پر تحریک انصاف کے 125 ارکان کے استعفے منظور کرنے کا اعلان کیا، اسپیکر کی جانب سے مرحلہ وار استعفوں کی منظوری طے کردہ اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔پی ٹی آئی نے درخواست میں عدالت عظمیٰ سے اسپیکر کی جانب سے مرحلہ وار استعفوں کی منظوری کو غیرقانونی، غیر آئینی قرار دینے کی استدعا کی گئی تھی۔تاہم، کچھ دیر بعد ہی پی ٹی آئی نے استعفوں کی منظوری کیخلاف اپیل سپریم کورٹ سے واپس لے لی۔