ٹاسک فورس پولیس نے دو افراد کو گرفتار کرلیا، ڈی سی ایم اور آٹو ضبط
حیدرآباد ۔ 18 اپریل (سیاست نیوز) حیدرآباد، ہمناآباد کرناٹک منتقل کئے جارہے پی ڈی ایس چاول کے ریاکٹ کو ساؤتھ زون کی ٹاسک فورس پولیس نے بے نقاب کردیا اور دو افراد کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے 12 ٹن عوامی تقسیمی نظام (پی ڈی ایس) چاول ایک ڈی سی ایم لاری اور آٹو ٹرالی کو ضبط کرلیا۔ انسپکٹر ساؤتھ زون ٹاسک فورس پولیس ایس راگھویندرا کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر کارروائی انجام دیتے ہوئے 32 سالہ محسن قریشی ساکن نواب صاحب کنٹہ اور 26 سالہ ایس برمانجینیلو ساکن اپو گوڑہ کو گرفتار کرلیا۔ محسن جو پیشہ سے ڈرائیور ہے، اس کی پہچان پی ڈی ایس چاول خریدنے اور فروخت کرنے والے شخص سے ہوئی۔ اس نے منصوبہ تیار کیا۔ حیدرآباد سے خریدے گئے چاول کو ہمناآباد کرناٹک میں زائد قیمت پر فروخت کرنے کی سازش تیار کی چونکہ کووڈ۔19 کے سبب ریاستی حکومت کی جانب سے راشن کارڈ ہولڈرس کو 12 کیلو چاول مفت میں سربراہ کئے جارہے ہیں۔ ان حالات کو دیکھتے ہوئے محسن نے حیدرآباد اور سائبرآباد کے حدود میں چاول خریدنا شروع کردیا اور اس نے ٹرالی ڈرائیور رمانجینیلو کی مدد سے چاول خریدنا شروع کیا اور کم قیمت پر اس شخص نے 12 ٹن چاول خرید لئے اور اس چاول کو ایک ڈی سی ایم اور آٹو ٹرالی میں رکھ لیا اور پوری تیاری کے ساتھ ہمنآباد جانے کی تیاری کررہے تھے۔ ایک اطلاع پر گرفتار کرلئے گئے۔ ساؤتھ زون ٹاسک فورس ٹیم نے مزید تحقیقات کیلئے گرفتار افراد کو چھتری ناکہ پولیس کے حوالے کردیا۔