سری نگر: جموں و کشمیر پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے کہا ہے کہ جنگجوؤں کے ہاتھوں سری نگر کے نٹی پورہ میں پی ڈی پی لیڈر کے ذاتی محافظ کی ہلاکت رواں ڈی ڈی سی انتخابات میں رخنہ ڈالنے کی ایک کوشش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ وادی کشمیر میں قائم امن کی فضا کو درہم وطبرہم کرنے کے در پے ہیں۔ان کا دعویٰ تھا کہ پولیس کو اس حملے میں ملوث جنگجوؤں کی تعداد بھی معلوم ہے اور یہ بھی معلوم ہے کہ وہ کس علاقے سے آئے اور یہ حملہ انجام دیا۔موصوف نے ان باتوں کا اظہار پیر کے روز یہاں ضلع پولیس لائنز سری نگر میں مہلوک پولیس اہلکارمنظور احمد کی میت پر پھول مالا چڑھانے کی تقریب کے حاشیے پر میڈیا کے ساتھ کیا۔ان کا کہنا تھا: ‘ہمیں سمجھنا چاہئے کہ جموں و کشمیر میں اس وقت بنیادی سطح کے اہم انتخابات ہو رہے ہیں جن میں لوگ بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں جو ایک قابل تعریف بات ہے ۔ان کا کہنا تھا: ‘منظور احمد پی ڈی پی لیڈر حاجی پرویز احمد کی حفاظت پر مامور تھے آج صبح ان پر جنگجوؤں نے گولیاں برسائیں جس کے نتیجے وہ زخمی ہوگئے انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے۔