سری نگر،9نومبر(یو این آئی) جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) صدر محبوبہ مفتی پر زبردست تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست کی خصوصی حیثیت کے خاتمہ اور بی جے پی کے جموں و کشمیر میں قدم جمانے کے پیچھے پی ڈی پی کا ہی ہاتھ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی نے وہ دروازہ کھولا جس کے ذریعہ بی جے پی نے اقتدار میں داخل ہو کر ریاست کے منفرد تشخص کو ختم کرنے کی راہ ہموار کی۔عمر عبداللہ نے اتوار کو ایک عوامی جلسے سے خطاب کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہاکہ ‘یہ پی ڈی پی ہی تھی جس نے جی ایس ٹی نافذ کیا، جس نے دفعہ 370 کے خاتمہ کی بنیاد ڈالی اور بی جے پی کو سیول سیکریٹریٹ تک پہنچایا۔’ انہوں نے کہا کہ محبوبہ مفتی آج بی جے پی پر تنقید کر رہی ہیں لیکن دراصل انہوں نے ہی بی جے پی کو جموں و کشمیر کی سرزمین پر اقتدار کا موقع فراہم کیا۔وزیر اعلیٰ نے سخت لہجے میں کہا کہ پی ڈی پی اپنے دور حکومت میں ہونے والی زیادتیوں سے منہ نہیں موڑ سکتی۔