پے ریویژن کمیشن کی رپورٹ عنقریب چیف منسٹر کو پیش کی جائے گی

   

حیدرآباد ۔ 23 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : ریاست کے سرکاری ملازمین اساتذہ اور ورکرس کی تنخواہوں پر نظر ثانی کرنے کے لیے قائم کردہ ’پے ریویژن کمیشن ‘ کی جانب سے حکومت کو پیش کی جانے والی اپنی سفارشات پر مبنی رپورٹ کو مرتب کرلینے کی اطلاعات پائی جاتی ہیں اور توقع ہے کہ پے ریویژن کمیشن جاریہ ماہ 25 نومبر یا 27 نومبر کو اپنی رپورٹ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو پیش کرے گا ۔ باوثوق ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ پے ریویژن کمیشن کو اپنی رپورٹ اندرون 12 یوم میں پیش کرنے کی گذشتہ ہفتہ خود چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ہدایات دی تھیں اور ان ہدایات کی روشنی میں پے ریویژن کمیشن نے ملازمین کی تنخواہوں پر نظر ثانی کرنے کے معاملہ میں اپنی رپورٹ کو قطعیت دے دی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت کی جانب سے 22 نومبر کو ہی پے ریویژن کمیشن رپورٹ پیش کرنے کی خواہش کی گئی تھی لیکن رپورٹ کو قطعیت نہ دئیے جانے کی وجہ سے اعلیٰ عہدیداران محکمہ فینانس سے تبادلہ خیال کر کے رپورٹ کو پیش کرنے کے لیے وقت کا تعین کرلینے کی اطلاعات پائی جاتی ہیں ۔ تاہم چیف منسٹر سکریٹریٹ سے پے ریویژن کمیشن رپورٹ کو پیش کرنے کے لیے عہدیداران متعلقہ کو ہدایت وصول ہونا ہے اور جیسے ہی ہدایت موصول ہوگی فوری طور پر پے ریویژن کمیشن کے صدر نشین اور ارکان چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کر کے اپنی رپورٹ پیش کریں گے ۔ اس طرح توقع کی جارہی ہے کہ 25 نومبر یا 27 نومبر کو پے ریویژن کمیشن اپنی رپورٹ چیف منسٹر کو پیش کرے گا ۔۔