پے ریویژن کمیشن کی میعاد میں ڈسمبر تک توسیع،سرکاری ملازمین کو مایوسی

   

حیدرآباد ۔18۔ فروری (سیاست نیوز) ایسے وقت جبکہ تلنگانہ کے سرکاری ملازمین کو پی آر سی رپورٹ کا بے چینی سے انتظار ہے، کے سی آر حکومت نے پے ریویژن کمیشن کی میعاد میں 31 ڈسمبر تک توسیع کردی ہے۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے جی او آر ٹی 447 جاری کیا۔ جی او میں کہا گیا ہے کہ صدرنشین کمیشن نے اپنے مکتوب میں حکومت کو جو وجوہات پیش کی ہیں اس کی بنیاد پر میعاد میں 31 ڈسمبر تک توسیع کا فیصلہ کیا گیا ۔ واضح رہے کہ ریٹائرڈ آئی اے ایس عہدیدار سی آر بسوال کی قیادت میں تین رکنی کمیشن قائم کیا۔ کمیشن کے دیگر ارکان میں ریٹائرڈ آئی اے ایس سی اوما مہیشور راؤ اور ریٹائرڈ آئی اے ایس آفیسر ڈاکٹر محمد علی رفعت شامل ہیں۔ توقع کی جارہی تھی کہ کمیشن جاریہ ماہ کے اواخر میں حکومت کو اپنی سفارشات پیش کرے گا۔ میعاد میں توسیع کے بعد رپورٹ کی پیشکشی میں تاخیر کا امکان ہے ۔