نئی دہلی23اکتوبر (یو این آئی) چائنا ایسٹرن ایئرلائنز آئندہ 9 نومبر سے دہلی اور شنگھائی کے درمیان پروازوں کا دوبارہ آغاز کرے گی۔ایئرلائن نے جمعرات کو جاری ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ یہ پرواز ہفتے میں تین دن بدھ، ہفتہ اور اتوار کو دستیاب ہوگی۔ دہلی سے شنگھائی کے لیے پرواز شام 7:55 بجے روانہ ہوگی، جبکہ شنگھائی سے واپسی کی پرواز مقامی وقت کے مطابق اگلے دن صبح 4:10 بجے روانہ ہوگی۔ یہ دونوں ممالک کے درمیان پانچ سال سے زائد عرصے کے بعد پہلی براہِ راست پرواز ہوگی۔ چائنا ایسٹرن ایئرلائنز، ہندوستان کے لیے پروازوں کا دوبارہ آغاز کرنے والی پہلی چینی ایئرلائن ہے ۔اسی دوران ہندوستانی ایئرلائن انڈیگو نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہ 26 اکتوبر سے کلکتہ اور چین کے شہر گوانگژو کے درمیان پروازیں شروع کرے گی۔ کووِڈ-19 سے قبل ہندوستان اور چین کے درمیان 500 سے زائد پروازیں چلتی تھیں، لیکن 2020 میں وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے تمام پروازیں معطل کر دی گئی تھیں۔