چائے والے اور شرابی سے ملک و ریاست بربادی کے دہانے پر

,

   

Ferty9 Clinic

کانگریس قائد ریونت ریڈی کی 149 کیلو میٹر پدیاترا کا اختتام، جلسہ عام سے خطاب

حیدرآد : تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ پریسڈنٹ و رکن پارلیمنٹ اے ریونت ریڈی نے کہاکہ قومی سطح پر چائے والا اور ریاستی سطح پر شرابی ملک و ریاست کو لوٹ رہے ہیں اور غریب کسانوں کو کارپوریٹ اداروں کا غلام بنارہے ہیں۔ ضلع ناگر کرنول کے اچم پیٹ سے ضلع رنگاریڈی کے راوی رالا تک 149 کیلو میٹر راجیو بھروسہ کسان پدیاترا کرنے کے بعد منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس جلسہ میںکانگریس کے سینئر قائد محمد علی شبیر کے علاوہ دوسرے قائدین کے ساتھ ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ ریونت ریڈی نے ان پر تنقید کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے کہاکہ وہ شہرت کے بھوکے نہیں ہیں اور نہ ہی ان کے پاس دولت کی کوئی کمی ہے۔ ان کی تین نسلیں بیٹھ کر کھاسکتی ہیں، ان کے پاس اتنا پیسہ ہے۔ مگر وہ کسانوں کے جائز حقوق کو منوانے کے لئے احتجاج کررہے ہیں۔ مودی حکومت کی جانب سے زرعی قوانین کو منظور کرنے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ملک بھر میں 195 کسانوں کی جانیں گئی ہیں۔ دو گجراتی ملک کے 80 کروڑ کسانوں کو اپنے دو صنعتکاروں کا غلام بنانے کی کوشش کررہے ہیں جس کے خلاف کانگریس پارٹی نے احتجاج شروع کیا ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے پہلے زرعی قوانین کی مخالفت کی۔ ٹی آر ایس نے احتجاج میں حصہ لیا مگر چیف منسٹر کی دہلی میں وزیراعظم مودی اور مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ سے ملاقات کے بعد بولتی بند ہوگئی ہے اور بخار میں مبتلا ہوکر کے سی آر فارم ہاؤز میں آرام کررہے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ ریاست میں کم داموں سے حکومت کسانوں کے اراضیات خریدتے ہوئے انھیں کنگال بنارہی ہے جبکہ چیف منسٹر اپنے 1000 ایکر اراضی پر مشتمل فارم ہاؤز کو محفوظ رکھ رہے ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ اگر چیف منسٹر 25 لاکھ روپئے میں ایک ایکر اراضی فروخت کرنے کے لئے تیار ہیں تو وہ فارم ہاؤز کی ساری اراضی خرید کر کسانوں میں مفت تقسیم کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔ زرعی قوانین سے دستبرداری تک کانگریس پارٹی خاموش نہیں رہے گی بلکہ کسانوں کی تائید و حمایت میں مسلسل جدوجہد کرتی رہے گی۔ ریونت ریڈی نے پدیاترا میں ان کی تائید کرنے والوں سے اظہار تشکر کیا اور کہاکہ کانگریس ہائی کمان کی اجازت سے وہ بہت جلد ساری ریاست میں پدیاترا کا آغاز کریں گے۔