حیدرآباد۔/11 جون، ( سیاست نیوز) چائے پتی کے گودام میں سرقہ کرنے والے افراد کو ونستھلی پورم پولیس نے گرفتار کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ایل بی نگر مسٹر سنپریت سنگھ نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ 22 سالہ ایس راگھویندرا ساکن سرور نگر، 22 سالہ شیوا شنکر ساکن دلسکھ نگر ، 27 سالہ شیوا کمار ساکن اپل، 20 سالہ جی ونود کمار ساکن بہادر پورہ ،22سالہ راجو ساکن سرور نگر اور 33 سالہ یو ناگراجو ساکن جلیل گوڑہ کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 55 ہزار روپئے نقد رقم ، آٹو ٹرالی اور موٹر سیکل کو ضبط کرلیا۔ یہ تمام سارق آپس میں دوست ہیں جو بری عادتوں کا شکار ہیں اور اخراجات کی خاطر ان سارقوں نے منصوبہ تیار کیا اور ایک چائے کے گودام میں سرقہ کی سازش تیار کی۔ گرفتار سارقوں میں اصل سرغنہ نے منصوبہ بنایا اور دیگر 4 کے ساتھ عمل کیا اور 5 جون کو گودام سے چائے کی پتی لے جانے والے آٹو کا سرقہ کرلیا جبکہ نمبر 6 نے اس مسروقہ سامان کو فروخت کرنے کا پلان تیار کیا۔ پولیس نے ان تمام کو گرفتار کرلیا۔
